معاشرہ

امریکی بینکنگ سسٹم میں مسلمانوں سے تعصب کا برتاؤ

Published

on

رمضان المبارک ختم ہوئے چند ہی دن گزرے ہیں، اس مہینے میں مسلمان نماز روزے کے ساتھ صدقات و خیرات بھی اہتمام کے ساتھ کرتے ہیں، امریکی مسلمانوں نے بھی اس بار نماز روزے کے ساتھ ترکی و شام کے زلزلہ متاثرین کی مدد کا عزم کیا ہوا تھا لیکن ان کے بنک اکاؤنٹ پراسرار طور پر معطل ہو رہے تھے، رقوم کی منتقلی نہیں ہو پارہی  تھی اور بینکوں کی ہیلپ لائنز انہیں مطمئن کرنے میں ناکام تھیں۔

امریکی مسلمانوں کو امریکی بنکنگ میں خوش آمدید، یہ ایک ایسا تجربہ ہے جس میں    ادارہ جاتی سطح پر، انتہائی گہرائی تک، امتیاز کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

گو فنڈ کی جیسا ایک پلیٹ فارم ہے ، لانچ گڈ، یہ پلیٹ فارم گلوبل مسلم کمیونٹی کے لیے ہے، اس پلیٹ فارم  نے مسلم دنیا میں انتہائی اہم مسائل پر اب تک 330 ملین ڈالرز اکٹھے کیے ہیں، حال ہی میں ترکی و شام کے زلزلہ متاثرین کے لیے دس ملین ڈالرز اکٹھے کئے گئے۔ لانچ گڈ تین بار امریکی بینکنگ سسٹم کے ہاتھوں قتل ہوتے بچا۔

اس سب کی شروعات 2009 میں ہوئی جب بغیر کسی وارننگ کے اچانک لانچ گڈ کے پیمنٹ پروسیسر نے اسے لات ماردی، حالانکہ لانچ گڈ کی انتظامیہ اس پیمنٹ پروسیسر سے ذاتی طور پر تین ہفتے پہلے ملی تھی اورانہیں یقین دلایا گیا تھا کہ سب کچھ ٹھیک ہے۔ لانچ گڈ نے جب  اکاؤنٹ مینجر سے دریافت کیا کہ انہیں پیشگی کیوں آگاہ نہیں کیا گیا تو انہیں جواب ملا کہ ان کے بینکگ پارٹنر کا فیصلہ تھا جس سے انہیں بھی  اچانک آگاہ کیا گیا تھا۔

لانچ گڈ ایک اور پیمنٹ پلیٹ فارم پر منتقل ہوا، اس بار اس پیمنٹ پلیٹ فارم کو ایک بڑے امریکی بینک نے خرید لیا اور فوری طور پر مسائل پیدا ہوگئے۔جیسے ہی پیمنٹ پلیٹ فارم بڑے بینک کے کمپلائنس سافٹ ویئر پر منتقل ہوا، برطانیہ میں لانچ گڈ کے پچاس فیصد ڈونرز کو مسترد کر دیا گیا، جب  اس کی چھان بین کی گئی تو بینک نے بتایا کہ  مسترد کئے ڈونرز کے نام بہت زیادہ اسلامی اور عربی ہیں اس لیے ان کا سافٹ ویئر انہیں قبول نہیں کر رہا۔ چھ ماہ بعد لانچ گڈ کو اکاؤنٹ مینجر کی ای میل موصول ہوئی کہ ان کا بینک  لانچ گڈ کو آف بورڈ کر رہا ہے۔  پچھلےپیمنٹ پلیٹ فارم کی طرح اس پلیٹ فارم نے بھی کوئی وضاحت دینا مناسب نہ سمجھی اور اس فیصلے کو چیلنج کرنے کا بھی کوئی موقع نہ دیا گیا۔

اس سال لانچ گڈ ایک تیسرے پیمنٹ پلیٹ فارم پر منتقل ہوا، نئے پلیٹ فارم کے مالکان نے لانچ گڈ کے نظام کو سراہا لیکن پھر چند ماہ بعد اس پیمنٹ پلیٹ فارم کے ایک بورڈ ممبر نے لانچ گڈ کو آف بورڈ کرنے کا مطالبہ کردیا۔ یوں لانچ گڈ ایک بار پھر پیمنٹ پروسیسر سے بلا جواز اور وارننگ بیدخل کردیا گیا۔

لانچ گڈ نے کئی شراکت داروں کے ساتھ مل کر ادائیگی کا نیا نظام تشکیل دیا اور مرنے سے بچ گیا لیکن اس سارے عمل میں ایک اندازے کے مطابق عطیات کی مد میں سو ملین ڈالرز اور ریونیو کی مد میں پانچ  ملین ڈالرز کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین

Exit mobile version