تازہ ترین
ایران کے صدر ابراہیم رئیسی 3 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی 3 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی صدرمملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقاتیں کریں گے،نئی حکومت بننے کے بعد کسی غیر ملکی سربراہ مملکت کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔
وفاقی وزیرریاض حسین پیرزادہ نے ایرانی صدر کے نورخان ایئربیس پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا،ایرانی صدر کی اہلیہ اور اعلیٰ سطح وفد بھی ہمراہ ہے۔
ایرانی صدر،چیئرمین سینیٹ اور اسپیکرقومی اسمبلی سے بھی ملاقات کریں گے۔وزیراعظم ہاؤس آمد پر وزیراعظم شہبازشریف ایرانی صدر کا استقبال کریں گے۔وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر ایرانی صدر کے اعزاز میں گارڈ آف آنر پیش کیا جائےگا۔
وزیراعظم شہبازشریف اور ایرانی صدر کی ون آن ون ملاقات ہوگی۔دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے پر بات چیت ہوگی۔
ایرانی صدر اور وزیراعظم شہبازشریف ارتھ ڈے کی مناسبت سے پودا بھی لگائیں گے۔وزیراعظم ہاؤس میں وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے،دونوں رہنما ملاقات کے بعد مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کریں گے۔
پاک ایران مختلف شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں شریک ہوں گے،ایرانی صدر کےدورے کےدوران 7 سے 8 ایم او یوز پر دستخط ہونے کا امکان ہے۔
دونوں رہنما اسلام آباد کی ایک شاہراہ کو ایران ایوانیو کا نام دینے کی تقریب میں بھی شریک ہوں گے،وزیراعظم شہبازشریف ایرانی صدر اور ان کےو فد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیں گے۔
ایران کے صدر کی ایوان صدر میں صدرمملکت آصف زرداری سے ملاقات ہوگی،صدر آصف زرداری ایرانی صدر اور وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے۔
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی آرمی چیف سے بھی ملاقات کریں گے،ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کل کراچی پہنچیں گے،ایرانی صدر کراچی میں مزار قائد پر حاضری دیں گے۔
ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کراچی میں وزیراعلیٰ اور گورنر سندھ سے ملیں گے،ایرانی صدر کی آمد پر کل کراچی میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
ایرانی صدر کی آمد سے قبل شہر میں تہنیتی بینرز آویزاں کیے گئے ہیں،تہنیتی بینرز فارسی اور انگریزی زبان میں لگائے گئے ہیں،تہنیتی بینرز پر صدر پاکستانی اور ایرانی صدر کی تصاویر ہیں۔