پاکستان
وزیراعظم کا یتیم اور خصوصی بچوں کے لیے افطار ڈنر، خود کھانا پیش کیا
وزیراعظم نے خصوصی صلاحیتوں کے مالک اور والدین کی نعمت سے محروم بچوں کے اعزاز میں افطار ڈنر دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے خصوصی بچوں کو کھانا خود پیش کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ذاتی طور پر بچوں سے مل کر حوصلہ افزائی کی، وزیراعظم نے خوشگوار ماحول میں خصوصی بچوں سے بات چیت کی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خصوصی بچوں کو تحائف بھی دیئے، افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ سب بچے آج کی افطار پارٹی کے مہمان خصوصی ہیں، ماہ رمضان کی برکتیں سب مسلمانوں پر نازل ہورہی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ معصوم بچے پڑھ لکھ کر ڈاکٹر، انجینئر اور فوجی بنیں گے، یہ بچے مستقبل کے معمار ہیں اور آگے چل کر ملک کی باگ ڈور سنبھالیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعظم ہاؤس بچوں کا ہے، آپ نے یہاں آکر پڑھنا اور قوم کی خدمت کرنا ہے،اسلام آباد میں بھی بچوں کیلئے دانش اسکول بنانے جارہے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان کے دور دراز علاقوں میں دانش اسکول بنائیں گے،دانش اسکولز میں بچوں کو کھانا، رہائش، کتابیں اور یونیفارم مفت ملیں گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ دانش اسکول کے اساتذہ بہت زیادہ قابل اور محنتی ہیں،گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں عوام کیلئے جدید اسپتال بنائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بچوں کے آنے پر دل سے ان کا شکر گزار ہوں جنہوں نے یہاں آکر مجھے عزت بخشی۔
۔