پاکستان
پی آئی اے کی نجکاری سے قومی دفاع کو ضرب لگے گی، رضا ربانی
سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے پی آئی اے کی نجکاری کو غیر قانونی اور غیر آئینی قرار دے دیا،کراچی پریس کلب میں پیپلز یونٹی آف پی آئی اے کی جانب سے منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب میں سابق چیرمین سینٹ نے کہا کہ پی آئی اے سمیت ملکی ہوائی اڈے ہمارا اسٹرٹیجک اثاثہ ہے،حکومت نے نجکاری کی منظوری کابینہ سے لی جس کی وہ مجاز ہی نہیں، سی سی آئی کی منظوری کے بغیر قومی فضائی کمپنی کی نجکاری غیر آئینی اور غیر قانونی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ حکومت نجکاری پالیسی صرف آئی ایم ایف کے ساتھ شئیر کررہی ہے،جب ماضی میں ہم پر جنگیں مسلط کی گئی تو پی آئی اے اور ائیر پورٹس کا دفاعی اعتبار سے اہم کردار رہا ، غیر ملکی سرمایہ کاروں کے حوالے کیے جانے سے ہمارے دفاع پر ضرب لگے گی۔
سابق چیرمین سینٹ کا کہنا تھا کہ ماضی میں اداروں کی نجکاری کا کبھی فائدہ نہیں ہوا، کے الیکٹرک کی مثال سامنے ہے ، انہوں نے کہا کہ رولنگ اشرافیہ تمام کام خاموشی سے کررہی ہے، ہمیں کبھی بھی سرپرائز مل سکتا ہے ، انہوں نے کہا کہ پیپلز یونٹی مشاورت کے بعد اگلے ہفتے اپنا لائحہ عمل سامنے لائے گی۔