پاکستان
پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف احتجاجی ریلی، نمائندہ تنظیموں کا 15 اگست کولائحہ عمل دینے کا اعلان
پی آئی اے ملازمین نے بجٹ میں قومی ائیرلائن کے لیے 100 ارب روپے مختص کرنے کا مطالبہ کردیا۔
پی آئی اے سی بی اے پیپلز یونٹی اور دیگرنمائندہ تنظیموں نے قومی ائیرلائن کی نجکاری کے خلاف کراچی ائیرپورٹ سے احتجاجی یلی نکالی،ریلی میں پی آئی اے کی نجکاری اور دو حصوں میں تقسیم کے خلاف نعرے لگائے گئے۔
ریلی سے پیپلز یونٹی کے صدر ہدایت اللہ خان، ساسا کے جنرل سیکریٹری صفدر انجم سمیت دیگر نے خطاب کیا،ریلی سے خطاب میں رہنماؤں نے کہا کہ قومی ائیرلائن کا خسارہ 80 ارب روہے سے بڑھ کر 120 روپے ہوگیا،پیپلز یونٹی آف پی آئی اے کے صدر ہدایت اللہ خان نے کہا کہ خسارے کو ختم کرنے کے بجائے ائیرلائن کی نجکاری کی جارہی ہے،یہ کسی صورت منظور نہیں۔
پی آئی اے کی نجکاری روکنے کے لئے ملازمین کا معاشی قتل عام روکنے کے لیے کسی حد تک جانے سے گریز نہیں کرینگے،ائیرلائن کی نجکاری کا بل فوری واپس لیا جائے،ورنہ پی آئی اے کی تمام نمائندہ تنظیمیں 15 اگست کو پریس کانفرنس کے ذریعے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کرینگے۔
ساسا کے جنرل سکریٹری صفدر انجم کے مطابق پی آئی اے کا مسلسل بڑھتا خسارہ انتظامیہ کی نااہلی ہے، تجربہ کار انتظامیہ کو لاکرائیرلائن کومنافع بخش بنایا جاسکتا ہے۔
پی آئی اے سینئر اسٹاف ایسوسی ایشن ساسا کے صدر عقیل صدیقی نے کہا کہ پی آئی اے کو بیچنے کے بجائے بجٹ میں ائیرلائن کی بحالی کے لئے 100 ارب روہے مختص کیے جائیں،انتظامی نا اہلی کی سزا ملازمین کے بجائے ذمہ دار افراد کو دی جائے، نجکاری کا بل فوری واپس لیا جائے۔
پی آئی اے پیاسی کے صدر نجیب الرحمان کے مطابق پی آئی اے کے ریٹائرڈ ملازمین کی پینشن میں کئی سالوں سے اضافہ نہیں کیا گیا،ان کے اس دیرینہ مطالبے پر سنجیدہ اقدامات کیے جائیں۔