پاکستان
پی ٹی آئی انقلابی جماعت بنتی تھی اب چیخیں نکل رہی ہیں، احسن اقبال
مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نےکہا ہے کہ پی ٹی آئی جو بڑی انقلابی جماعت بن رہی تھی اس کی چیخیں نکل رہی ہیں۔
نارووال میں میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کی گرفتاری کے مناظر قابل افسوس ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ یہ سب اس لیے ہوا کہ وہ مزاحمت کر رہے تھے، جب کوئی بھی ملزم مزاحمت کرتا ہے تو پولیس ایسے ہی پیش آتی ہے۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ پولیس کے اقدام میں یہ فرق نہیں ہوتا کہ کون سابق وزیر خارجہ ہے اور کون عام شہری ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ خود پی ٹی آئی کہتی ہے کہ عام شہری سےجو سلوک ہوتا ہے ہمارے ساتھ بھی ہونا چاہیے، پی ٹی آئی جو بڑی انقلابی جماعت بن رہی تھی اس کی چیخیں نکل رہی ہیں۔
احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ میرا خیال ہے پولیس شاہ محمود قریشی کو گرفتار کرنے آئی تھی، پی ٹی آئی رہنما باوقار طریقے سے اُن کے ساتھ چلے جاتے تو یہ نوبت ہی نہ آتی۔
انہوں نے کہا کہ ہم بھی پی ٹی آئی کے دور میں گرفتار ہوتے رہے، ہم نے آگے بڑھ کر خود کو پیش کیا، ہم نے کبھی مزاحمت نہیں کی کہ دھکے کھانے پڑے ہوں۔