آرٹ
پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی میں کلاسیکی موسیقی کے ’ راگ رنگ خیال گائیکی‘ پروگرام کا انعقاد
پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی میں کلاسیکی موسیقی کی تقریب ’’راگ رنگ خیال گائیکی‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ معروف موسیقار ندیم ریاض خان، غلام عباس اور محمد اسحاق قریشی نے راگ پیش کیے اور حاضرین سے خوب داد وصول کی۔
اس موقع پر ڈائریکٹر پی اے سی راولپنڈی سجاد حسین نے کہا کہ کلاسیکی موسیقی کے خوبصورت رنگ جن میں ٹھمری، دادرہ، کافی اور خیال گیاکی شامل ہیں، شام چوراسی، پٹیالہ، تلونڈی، گوالیار اور قصور گھرانوں کا ذکر کیے بغیر پوری طرح تعریف نہیں کی جا سکتی۔
انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ استاد بڑے غلام علی خان، استاد برکت علی خان، استاد سلامت علی خان، استاد فتح علی خان، استاد امانت علی خان، استاد عاشق علی خان، استاد حامد علی خان، اور اسد امانت علی خان سمیت کئی گلوکاروں نے کلاسیکل موسیقی کو پروان چڑھایا۔
استاد نصرت فتح علی خان کو قوالی کی تاریخ کا سب سے روشن ستارہ سمجھا جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ غلام فرید صابری اور عزیز میاں سمیت کئی دیگر قوالوں نے موسیقی کی اس صنف کو بلندیوں تک پہنچایا۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر پی اے سی، محمد سلیمان نے نوجوان نسل کو اپنی روایات اور ثقافت سے متعارف کرانے کی ضرورت پر زور دیا، تاکہ انہیں اپنی تاریخ، جغرافیائی حدود اور اسلاف کے بارے میں جاننے کا موقع ملے۔ کلاسیکی اور روایتی موسیقی کی محفلیں ہماری ثقافت اور ورثے کو محفوظ رکھتی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میوزیکل ایونٹ نہ صرف تفریح کا ذریعہ ہے بلکہ لوگوں کے لیے موسیقی کے مختلف انداز سے لطف اندوز ہونے اور موسیقی کو سراہنے کا موقع بھی ہے۔
تقریب میں قریبی شہروں سے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔