کھیل
پنجاب سمر گیمز 2023،کھلاڑیوں کے لیے ایک ارب 32 کروڑ کے انعامات
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں پنجاب سمر گیمز 2023 کے انعقاد کے سلسلے میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبے میں پہلی مرتبہ پنجاب سمر گیمز میں 34کھیلوں کے مقابلے کرانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔
پنجاب سمر گیمز میں کرکٹ،ہاکی، فٹبال، شوٹنگ بال،اتھیلٹکس، سنوکر، بیڈ منٹن سمیت تمام کھیلوں کے مقابلے ہوں گے اور جیتنے والے کھلاڑیوں اور ٹیمز کومجموعی طورپر ایک ارب 32کروڑ روپے کے انعامات دئیے جائیں گے۔
یونین کونسل سے صوبائی سطح تک 5لیول پر کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوں گے جبکہ یونین کونسل کی سطح پر 8گیمز کے مقابلے ہوں گے اور تحصیل لیول پر مزید 7کھیل شامل ہوں گے۔
ڈسٹرکٹ لیول پر4 اور ڈویژنل لیول پر مزید11 کھیل شامل کئے جائیں گے۔ صوبائی سطح پر مزید7کھیل شامل کئے جائیں گے۔ تمام متعلقہ کلب اورایسوسی ایشنز کوپنجاب سمر گیمز میں شامل کیاجائے گا۔
یونین کی سطح پر 12 سے 28 جولائی او رتحصیل لیول پر یکم اگست سے 10اگست تک مقابلے ہوں گے۔ ڈسٹرکٹ لیول پر 16سے 20 اگست اور ڈویژنل لیول پر 26سے 30اگست تک مقابلے ہوں گے۔ تمام کھیلوں کے 6 سے 12ستمبر تک 7روزہ فائنل مقابلے ہوں گے۔
صوبائی، ڈویژنل، ڈسٹرکٹ، تحصیل او ریونین کی سطح پر ایڈمنسٹریٹو کمیٹیاں قائم ہوں گی۔ صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر، صوبائی مشیر کھیل وہاب ریاض، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری سپورٹس، سیکرٹری اطلاعات، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی جی سپورٹس،ڈائریکٹر سپورٹس، ڈائریکٹر یوتھ افیئر اور دیگرحکام نے اجلاس میں شرکت کی۔