Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

پاکستان

اپوزیشن کے شور شرابے میں پنجاب کا 6 کھرب 17 ارب کا ضمنی بجٹ منظور

Published

on

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے شور شرابے کے دوران 6 کھرب 17ارب 25کروڑ 19 لاکھ 43ہزار روپے کاضمنی بجٹ منظور کر لیا گیا۔

ڈپٹی سپیکر نے اپوزیشن رکن ندیم قریشی کو ڈانٹ پلا دی، اپوزیشن ارکان ریلیز قیدی نمبر 804کے پوسٹر ایوان میں لے آئے، شیخ امتیاز کی وزیر خزانہ سے نوک جھوک بھی چلتی رہی۔

پنجاب اسمبلی نے چھ سو سترہ ارب روپے سے زائد کا ضمنی بجٹ منظور کرلیا، اپوزیشن کی کٹوتی کی تمام تحاریک مسترد کردی گئیں۔

بجٹ کی منظوری کے دوران اپوزیشن کا شور شرابہ عروج پر رہا، وزیر خزانہ نے اپوزیشن کے تحفظات دور کرتے ہوئے بتایا کہ  دو سو آٹھ ارب روپے کے جس بجٹ پر اپوزیشن واویلا کررہی ہے  یہ بجٹ گندم کی مد میں استعمال کیاگیا،ہر بجٹ کا آڈٹ ہوتا ہے، پرویز الٰہی دور کا بھی آڈٹ ہوا،اسی لئے تو وہ جیل میں ہیں۔

اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر نے کہا کہ تمام ضمنی بجٹ کا آڈٹ ہونا چاہئے۔اپوزیشن ارکان ریلیز قیدی 804کے پوسٹر ایوان میں لے کر آئے جنہیں مائیک اور نشستوں پر چسپاں کردیا۔

اپوزیشن رکن شیخ امتیاز کے ریمارکس پر ایوان میں شور شرابا برپا ہوگیا،حکومتی رکن شوکت بھٹی نے بھی جوابی طور پر اپوزیشن پر وار کئے، ان کاکہناتھاکہ اٹک جیل میں بانی پی ٹی آئی کا قیدی نمبر 804تھا، لیکن اب اڈیالہ جیل میں یہ نمبر 420ہے۔

جس پر اپوزیشن ارکان سیٹوں پر کھڑے ہوگئے، اور دونوں جانب سے نعرے بازی شروع ہوگئی۔

وزیر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے بجٹ کی منظوری کے بعد اسمبلی ملازمین کو روایات کے مطابق ایک ماہ کی بنیادی تنخواہ بطور اعزازیہ دینے کااعلان کیا۔

حماد سعید 14 برس سے شعبہ صحافت سے منسلک ہیں، مختلف اخبارات اور ٹی وی چینلز کے ساتھ کام کیا، اب اردو کرانیکل کے لاہور میں نمائندہ خصوصی ہیں، کرائم، کورٹس اور سیاسی امور کے علاوہ ایل ڈی اے، پی ایچ اے، واسا، کسٹمز، ایل ڈبلیو ایم سی کے محکموں کی رپورٹنگ کرتے ہیں۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین