پاکستان
قاضی فائز عیسیٰ فارم 47 والوں کو گھر بھیجیں، حافظ نعیم الرحمان
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کہتے ہیں کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کسانوں کے لیے چار سو ارب رکھنے کی بجائے ان سے گندم خریدنے کے لیے وقف کرئے لوگوں کو ملک میں سرمایہ کاری کا درس دینے والے خود دوبئی میں جائیدادیں بنا رہے ہیں یہ ملک کسی جرنیل یا جج نے آزاد نہیں کروایا چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کو اگر غصہ آتا ہے تو وہ فارم پینتالیس والوں کو انصاف دیں اور سنتالیس والوں کو گھر بھیجیں ادارے اور فوج اپنی حدود میں رہیں ورنہ تاریخ انہیں معاف نہیں کرئے گی 25 مئی کو جماعت اسلامی کی مرکزی شوری میں مشاورت کے بعد اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
جماعت اسلامی کا کسان حق دو مارچ مال روڈ لاہور مسجد شہدا سے وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا مارچ میں پنجاب بھر سے کسان اور کسان رہنماؤں سمیت جماعت اسلامی کےکارکنان نے بھی بھرپور شرکت کی مظاہرین نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور ہمارا حق دو کے نعرے لگائے۔
مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کہا جا رہا تھا کہ جماعت اسلامی کسانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مارچ نہیں کر سکے گی جو آپ نے یہاں شدید گرمی میں چار کلو میٹر پیدل سفر کر کے غلط ثابت کر دیا۔ مریم نواز کی جانب سے چار سو ارب کسانوں کے دینے پر اتنا کہوں گا کہ ان چار سو ارب روپے سے کسانوں سے گندم خرید لی جائے ، پی ڈی ایم، نگراں حکومت اور اب کی پی ڈی ایم ٹو حکومت کے لوگ ہی گندم امپورٹ کرنے کے ذمہ دار ہیں، یہ پیسہ کسی کے باپ کا نہیں، غریب عوام کا پیسہ ہے مسلم لیگ ن والوں ہم آپ سے پورا حساب لیں گے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ یہ کیسا اصول ہے کہ خود یہاں حکومت کرکے باہر جائیدادیں بنا لیں اور لوگوں سے کہتے ہیں کہ ملک میں سرمایہ کاری کرو، یہ ملک کسی جرنیل یا جج نے آزاد نہیں کرایا، چار فیصد جاگیردار چالیس فیصد زرعی زمین کے مالک بن بیٹھے ہیں، ہم اداروں اور فوج کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں جس کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی حدود میں رہیں ورنہ تاریخ انہیں معاف نہیں کرے گی، قاضی فائز عیسیٰ کو چاہیے کہ وہ فارم پینتالیس والوں کو انصاف دیں اور سنتالیس والوں کو گھر بھیجیں
امیر جماعت اسلامی نے شرکا سے وعدہ لیا کہ اگر انہوں نے فیصلہ کیا تو کیا وہ اسلام آباد بڑے مارچ کے لیے انکے ساتھ چلیں گے جس پر شرکا نے ہاں کہا۔
مارچ کےشرکا سے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں اور کسان رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔