Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

تازہ ترین

رانا ثنااللہ کے مشورے!

Published

on

اپنے ارد گرد نظر ڈالیں‘ اپنے ملک کے حالات اور قوم کے معاملات پر نظر ڈالیں تو ہر طرف بے یقینی اور بے چینی نظر آتی ہے۔ حکمران اس صورت حال پر پریشان ہیں یا نہیں؟ لیکن یہ حقیقت ہے کہ عوام بہت پریشان ہیں۔ انہیں کچھ سجھائی نہیں دیتا کہ کیا کریں‘ کدھر جائیں۔ گزشتہ تین دہائیوں میں حالات نے ایسا پلٹا کھایا ہے اور واقعات نے ایسی الٹ بازی لگائی ہے کہ سب کچھ تبدیل ہو گیا ہے۔ معیشت بھی‘ معاشرت بھی‘ اقدار بھی‘ روایات بھی‘ طرزِِ زندگی بھی اور سماجی تعاملات بھی۔ جو روئیے اور دستور ماضی میں کھوٹے سکے تصور کیے جاتے تھے‘ وہ آج سکہ رائج الوقت بن چکے ہیں‘ اور جن رویوں کی کبھی سب سے زیادہ تعظیم تھی وہ آج منہ چھپاتے پھر رہے ہیں۔ زندگی نے ایسا یُو ٹرن لیا ہے کہ گزرے ماہ و سال خواب و خیال معلوم ہونے لگے ہیں۔ لگتا ہی نہیں کہ اس ملک میں کبھی وہ وقت بھی تھا جب لوگوں میں محبت تھی اور یگانگت‘ الفت تھی اور بھائی چارہ‘ ہمدردی تھی اور درد مندی و غم خواری بھی۔ کہیں کوئی موت ہو جاتی تو پورے محلے میں سوگ کی کیفیت طاری ہو جاتی تھی‘ پڑوس میں دور دور تک‘ کئی کئی روز تک ٹی وی نہیں لگایا جاتا تھا۔ یہ حقیقی دکھ ہوتا تھا‘ اندر کا کرب‘ آج کل کی طرح محض دکھاوا نہیں۔

لوگ مثالیں دیتے ہیں‘ لیکن میں نے اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے کہ اس زمانے میں لوگ حقیقتاً ایک پاﺅ یا زیادہ سے زیادہ آدھا کلو گوشت خریدتے تھے اور اس سے بنے سالن سے سات آٹھ نفوس پر مشتمل پورا گھرانہ دو وقت روٹی کھاتا تھا۔ وہ زمانہ ایک وسیع متوسط طبقے اور محدود امیر اورغریب طبقوں کا زمانہ تھا‘ یعنی درمیانی مالی حالت کے حامل لوگ زیادہ تھے۔ سب ایک دوسرے جیسے تھے‘ اس لیے سب ایک دوسرے کا دکھ درد سمجھتے تھے اور وقت پڑنے پر ایک دوسرے کی مدد بھی کرتے تھے‘ اوپر اوپر سے نہیں‘ جیسا کہ آج کل چلن ہے بلکہ اندر سے بالکل دل سے‘ بلکہ دل کی گہرائیوں سے۔ تب یقین اس لیے تھا کہ سب کو ایک دوسرے پر یقین تھا‘ اب بے یقینی اور بے چینی اس لیے ہے کہ کسی کو کسی پر یقین نہیں رہا۔ دولت‘ پیسے اور مادہ پرستی کا چلن اس قدر عام ہو چکا ہے کہ لگتا ہے انسانی اقدار کا سٹیشن کہیں پیچھے چھوٹ چکا۔

معاشرے میں پائی جانے والی بے چینی کی ایک وجہ سیاست کے میدانوں اور اقتدار کے ایوانوں میں پائی جانے والی بے چینی بھی ہے۔ صرف ایک دن کی خبروں کی صرف سرخیاں پڑھ لیں‘ اندازہ ہو جائے گا کہ کیسے چار سُو ایک غدر سا مچا ہوا ہے۔ اب بتائیے کہ اس کے بعد سکون کہاں سے آئے؟ طاقت اور اقتدار کے ایوانوں میں کچھ سکون ہو اور حکمرانوں کو کچھ فرصت ملے تو وہاں بیٹھے لوگ عوام اور ان کے مسائل کے بارے میں سوچیں۔ ذرا تصور کریں کہ جب حکمرانوں اور اپوزیشن کا سارا وقت بیانات اور جوابی بیانات میں لگ جائے‘ مقدمے بازی میں صرف ہو جائے گا تو وہ حکومت اور حکمرانی کے بارے میں کب سوچیں گے؟ عوام کے مسائل کا حل کب اور کہاں سے تلاش کریں گے؟

ایسی اتھاہ بے یقینی اور بے کیفی میں رانا ثنااللہ کی باتیں ہوا کا خوش گوار جھونکا بن کر سامنے آیا ہے۔ گزشتہ روز اپنے انٹرویو میں انہوں آگے بڑھنے کا راستہ سجھایا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کو ایک طرف کر کے آج سے نیا آغاز کیا جائے، وزیر اعظم سوچ رہے ہیں کہ وہ صدر مملکت سے کہیں کہ معاملے کو سلجھائیں، سیاست دان، عدلیہ، اسٹیبلشمنٹ سب کو ماضی کے معاملے سے نکلنا ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر سیاست دان کہیں کہ وہ معصوم اور ساری غلطی اسٹیبلشمنٹ اور عدلیہ نے کی تو یہ درست نہیں، عدلیہ کہے کہ ہم نے تو بالکل آئین، قانون کی پاس داری کی ہے وہ بھی درست نہیں ہو گا، اسٹیبلشمنٹ کہے کہ کبھی کسی کے معاملے میں دخل نہیں دیا تو یہ بات بھی سچ نہیں ہو گی۔ کیا انہوں نے حالات کی درست نباضی کی ہے؟ انہوں نے جو کچھ کہا وہ دریا کو بلکہ میرے خیال میں سمندر کو کوزے میں بند کرنے کے مترادف ہے۔

یہی آج کے دور میں ہمارے ارد گرد موجود چھوٹے بڑے‘ سادہ و پیچیدہ مسائل کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ اب یہ بات تسلیم کر لینے میں کوئی حرج نہیں کہ ہم نے بحیثیت قوم انفرادی سے لے کر اجتماعی سطح تک ہر جگہ‘ ہر مقام پر اور ہر مرحلے میں اپنی حدود پھلانگیں اور اپنے پیرامیٹرز سے باہر نکل کر کھیلنے کی کوشش کی۔ کہا یہ جاتا ہے کہ اگر اختیار اور طاقت ہو بھی تو ضروری نہیں کہ اس کو استعمال بھی کیا جائے‘ لیکن ہمارے ہاں اختیارات کا جائز و ناجائز‘ ہر طرح کا استعمال ہوتا رہا ہے۔ اگر آپ سیاسی داؤ پیچ جانتے ہیں تو ضروری نہیں کہ دوسرے کو داؤ پیچ کے ذریعے ہی زیر کیا جائے‘ معاملات کو بات چیت کے ذریعے افہام و تفہیم کا راستہ اختیار کر کے بھی درست نہج کر لایا جا سکتا ہے۔

میں نے بات کی انفرادی سے لے کر اجتماعی سطح تک ہر جگہ لغزشوں کا مظاہرہ کرنے کی اور ہر گام پر ٹھوکر کھانے کی۔ آپ ریڑھی پر فروٹ یا دکان پر سبزیاں فروخت کرنے والے کی مثال لے لیں۔ آپ اس کو منہ مانگی قیمت ادا کریں گے اس کے باوجود وہ آپ کو ناقص سودا تول کر دے گا۔ کسی سرکاری ادارے کے کلرک کو لے لیں‘ سرکار کی طرف سے تنخواہ ملنے کے باوجود وہ آپ کا جائز کام رشوت لیے بغیر نہیں کرے گا۔ آپ ایک پولیس مین کو لے لیں‘ اس کا کام سرکار سے تنخواہ لے کر امن و امان برقرار رکھنا‘ اور قانون کے نفاذ کو یقینی بنانا ہے‘ لیکن وہ آپ کو کسی موڑ پر‘ کسی دو راہے پر‘ کسی ناکے پر‘ کسی موٹر سائیکل والے کو گھیرے کھڑا نظر آئے گا۔ مقصد نظام میں بہتری لانا نہیں بلکہ اپنی مٹھی گرم کرنا ہے۔

ہمارے مختلف اداروں کے اعلیٰ حکام کی کارکردگی کا اندازہ پاکستان کی موجودہ صورت حال سے لگالیں۔ یہ ماضی میں کیے گئے ناقص فیصلوں کا نتیجہ ہے کہ آج ہم خود کو ہر حوالے سے بے بس پاتے ہیں۔ متعدد حکومتیں آئیں اور گئیں۔ حکومتیں لانے میں عوام کا ہاتھ ہو سکتا ہے‘ لیکن کوئی بتائے گا کہ حکومتیں رخصت کرنے میں کس کا ہاتھ رہا ہے؟ خود سیاست دانوں کا جو اپنی باری کا انتظار کرنے کے بجائے اقتدار کی کرسی پر بیٹھے ہوﺅں کی ٹانگیں کھینچنے میں زیادہ فرحت محسوس کرتے ہیں۔

آپ آج کا منظرنامہ ہی دیکھ لیں کہ اپوزیشن کی جماعتیں حکومت کے ساتھ بات کرنے کے بجائے اور سیاسی تنازعات کو سیاسی انداز میں حل کرنے کے بجائے ان طاقتوں کی طرف رجوع کرنے میں زیادہ دلچسپی رکھتی ہیں‘ جنہوں نے خود کو سیاست سے الگ رکھا ہوا ہے اور وہ اپنے اس فیصلے پر پوری طرح قائم ہیں۔ ہم معاشی طور پر بد حال اس لیے ہیں کہ ہمارے معیشت دانوں نے بروقت اچھے فیصلے نہیں کیے۔ یہ نہیں سوچا کہ آنے والے وقت میں کیا معاملات پیش آ سکتے ہیں اور تب ہماری کیا ضروریات ہوں گی اور ان کی کیا تیاری کی جا سکتی ہے۔

تو شروع میں‘ میں نے جو بات کی کہ اقدار و روایات تبدیل ہو گئی ہیں اور معاملات جو ہیں وہ یوٹرن لے چکے ہیں تو اس کی بنیادی وجہ وکٹ سے باہر نکل کر کھیلنے کی یہی کوششیں ہیں جن کا ذکر درج بالا سطور میں کیا ہے۔ میں یہ بات پورے وثوق کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ آج بھی اگر ہم اپنے معاملات ٹھیک کر لیں اپنے پیرامیٹرز کے اندر رہتے ہوئے اپنے فرائض سرانجام دیں اور اختیارات کا ناجائز استعمال بند کر دیں تو سیاسی‘ معاشرتی اور معاشی ہر طرح کی صورت حال بہتر ہو سکتی ہے۔ اس کے لیے ہمیں وہ راستہ اختیار کرنا پڑے گا جس کی طرف رانا ثنااللہ نے اشارہ کیا ہے ’ماضی کو ایک طرف کر کے آج سے نیا آغاز کیا جائے‘۔

عمران یعقوب خان پاکستان کے سینئر صحافی، تجزیہ کاراور براڈکاسٹر ہیں، تین دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط پیشہ ورانہ زندگی میں مختلف اخبارات اور ٹی وی چینلز میں کلیدی عہدوں پر کام کرچکے ہیں، جیو نیوز کی بانی ٹیم کے رکن تھے ،اس سے پہلے وہ روزنامہ جنگ میں بطوررپورٹراور فیچر رائٹر بھی کام کرتے رہے، وہ 92 نیوز ،دنیا نیوز اور نیوز ویک پاکستان کے ڈائریکٹر نیوز کی حیثیت سے بھی کام کرچکے ہیں، ان دنوں جی این این ٹی وی سے منسلک ہیں۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

تازہ ترین9 گھنٹے ago

اولمپکس کی افتتاحی تقریب سے پہلے فرانس میں ٹرین نیٹ ورک پر حملے

تازہ ترین9 گھنٹے ago

جماعت اسلامی نے راولپنڈی اور اسلام آباد میں مختلف مقامات پر دھرنا دے دیا، مذاکرات کے لیے تیار ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات

تازہ ترین10 گھنٹے ago

صدر مملکت نے سپریم کورٹ میں دو ایڈہاک ججز کی تعیناتی کی منظوری دے دی

پاکستان11 گھنٹے ago

عمران خان کی رہائی کے لیے پی ٹی آئی جیل بھرو تحریک شروع کرے، دو گھنٹے کی بھوک ہڑتال مذاق ہے، نثار کھوڑو

تازہ ترین12 گھنٹے ago

ہمارے نام پر ڈالر لے کر وسائل کھائے گئے، بطور وزیراعلیٰ اعلان کرتا ہوں صوبے میں کہیں بھی آپریشن نہیں کرنے دوں گا، علی امین گنڈا پور

پاکستان12 گھنٹے ago

رومانیہ میں پاکستان نیوی کے آف شور پٹرول ویسل پی این ایس حنین کی کمیشننگ تقریب

تازہ ترین14 گھنٹے ago

کراچی میں رات کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی، نیپرا نے کے الیکٹرک کو ہدایت جاری کردی

پاکستان14 گھنٹے ago

پنجاب میں متوفی سرکاری ملازمین کے اہل خانہ کو ملازمت دینے کا قانون ختم

مقبول ترین