پاکستان
ڈالر کی اصل قیمت 244 ہے، روپیہ مزید مضبوط ہونا چاہئے، اسحاق ڈار
مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سینیٹ میں قائد ایوان اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ڈالر کی اصل قیمت 244 ہے، دسمبر 2017 تک پاکستانی روپیہ ایشیا کی مستحکم ترین کرنسی تھی،مضبوط کرنسی ہی ملکی ترقی کا ذریعہ بنتی ہے۔
اسحاق ڈار نے سینیٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی پر قابو پانے کیلئے اسٹیٹ بینک انٹرسٹ ریٹ کو بڑھاتا ہے،میں ڈی ویلیوایشن کو مدر آف اکنامک ایول کہتا ہوں،شاہد خاقان عباسی کے زمانے میں 10 روپے کی ڈی ویلیوایشن ہوئی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ نوازشریف نے 5 ارب ڈالر کو ٹھکرا کر ملک کو ایٹمی قوت بنایا، بھارت کے 5 ایٹمی دھماکوں کے جواب میں پاکستان نے 6 ایٹمی دھماکے کیے،بھارتی وزیراعظم واجپائی نے تمام مسائل بات چیت کے ذریعے حل کرنے کا اعلان کیا،بات چیت آگے بڑھنے لگی تو کارگل کا واقعہ ہوگیا،ایٹمی طاقت کی بدولت دشمن جان گیا تھا حملہ کیا تو سخت جواب آئے گا۔
سینیٹ میں قائد ایوان اسحاق ڈار نے کہا کہ ہمارے ذخائر محدود ہیں،دسمبر 2017 تک پاکستانی روپیہ ایشیا کی مستحکم ترین کرنسی تھی،مضبوط کرنسی ہی ملکی ترقی کا ذریعہ بنتی ہے،نوازشریف کے دور میں بلوم برگ پاکستان کی کرنسی کی مضبوطی کی گواہی دے رہا تھا،نواز شریف کے دور میں ملکی برآمدات بڑھیں،نواز شریف کے دور میں معاشی استحکام تھا،اتحادی حکومت کے دور میں ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا گیا،ہم سب کو مل بیٹھ کر مسائل کا حل نکالنا ہوگا، ڈالر کی اصل قیمت تقریباً 244 روپے ہے،پاکستان کی کرنسی کو مزید بہتر ہونا چاہیے۔