پاکستان
سعودی ایئرلائن فلائی آئیڈیل کئی ماہ سے پاکستان میں پروازوں کی اجازت کی منتظر
کئی ماہ گذرنے کے باوجود وزارت ہوابازی کی جانب سے سعودی عرب کی ائیرلائن فلائی آئیڈیل کو پاکستان میں پروازوں کی اجازت نہیں مل سکی۔
ذرائع کے مطابق سعودی عرب کی سستی کرایوں کی حامل ائیرلائن فلائی آئیڈیل پاکستان میں فضائی آپریشن کے لیے اجازت ملنے کی منتظر ہے،اسی تناظر میں پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے وزرات ہوابازی کو یقین دہانی کا خط لکھ دیا، کئی ماہ گزرنے کے باوجود وزارت ہوابازی نے فلائی آئیڈیل کیلئے پروازوں کی منظوری نہیں دی۔
سی اے اے کے ڈائریکترائیرٹرانسپورٹ کی جانب سے وزارت ہوابازی کو خط لکھا گیا ہے،جس کے مطابق وزارت ہوابازی سے سلاٹ کی منظوری نہ ملنے کی وجہ فلائی آئیڈیل پاکستان کیلئے پروازیں شروع نہیں کرسکی۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پروازوں کیلئے دوطرفہ معاہدہ موجود ہے، پی آئی اے بھی سعودی ائیرلائن فلائی آئیڈیل کو پروازوں کی اجازت دینے کیلئے رضامند ہے،فلائی آئیڈیل پاکستان کے لیے ہفتہ وار18پروازیں آپریٹ کرے گی،
فلائی آئیڈیل کی جانب سے مدینہ اورکراچی کے درمیان بھی ہفتہ وار4پروازیں آپریٹ کی جائیگی، سعودی ایروناٹیکل اتھارٹی کے وفد کے دورے میں فلائٹ آپریشنز بڑھانے کا معاملہ زیر بحث آیا تھا جبکہ پاکستان اور سعودی عرب کی نامزد ایئرلائنز کے آپریشنز کو بڑھانے پر اتفاق ہواتھا۔