کھیل
شاداب خان پنجاب پولیس کے اعزازی ڈی ایس پی بن گئے
پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان پولیس کا حصہ بن گئے، پنجاب پولیس نے شاداب خان کو اپنا برینڈ ایمبیسیڈر مقرر کر دیا۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان کی سنٹرل پولیس آفس میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات ہوئی، اس دوران پنجاب پولیس نے کرکٹر شاداب خان کو اپنا برینڈ ایمبیسیڈر مقرر کر دیا۔
کرکٹر شاداب خان نے پنجاب پولیس کا یونیفارم زیب تن کیا جبکہ آئی جی اور ایڈیشنل آئی جی پنجاب نے شاداب خان کو اعزازی ڈی ایس پی کے رینک لگائے۔
شاداب خان نے اعزازی ڈی ایس پی مقرر ہونے پر آئی جی پنجاب کو سلیوٹ بھی کیا۔
اس موقع پر کرکٹر شاداب خان نے کہا کہ پنجاب پولیس کی طرف سے برینڈ ایمبیسیڈر مقرر کیا جانا میرے لیے اعزاز ہے، نہایت خوشی ہے کہ پنجاب پولیس کا حصہ بن رہا ہوں، کبھی سوچا نہیں تھا کہ پنجاب پولیس کا حصہ بنوں گا۔