ٹاپ سٹوریز
شہباز شریف، فواد حسن فواد اور احد چیمہ آشیانہ ہاؤسنگ ریفرنس سے بری
احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم شہباز شریف کو آشیانہ ہاؤسنگ ریفرنس سے بری کر دیا۔۔عدالت نے نگراں کابینہ کے ارکان فواد حسن فواد اور احد چیمہ سمیت ریفرنس کے دیگر شریک ملزموں کو بھی بری کرنے کا حکم دے دیا۔
احتساب عدالت کے جج علی ذوالقرنین اعوان نے شہباز شریف اور احد چیمہ سمیت دیگر کی بریت کی درخواستوں فیصلہ سنایا۔
عدالت نے قرار دیا کہ شہباز شریف ٫ احد خان چیمہ اور دیگر کیخلاف کرپشن کے الزامات ثابت نہیں ہو سکے۔ عدالت نے باور کرایا کہ نیب نے ریفرنس کے تمام ملزموں کو پہلے ہی کلین چٹ دے دی تھی۔
یہ بھی قرار دیا کہ آشیانہ اقبال ریفرنس میں ملزموں نے نیب ترامیم سے کوئی فائدہ نہیں اٹھایا اور میرٹ پر ریفرنس کی سماعت ہوئی۔۔ فیصلہ میں یہ وضاحت بھی کی گئی کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آشیانہ اقبال ریفرنس پر فیصلے سے نہیں رو کتا ۔۔
نیب نے شہباز شریف پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے الزام میں پانچ سال پہلے ریفرنس دائر کیا تھا۔اکتوبر 2018 میں شہباز شریف کو آشیانہ ریفرنس میں گرفتار کیا اور 14 فروری 2019 کو ان کی ریفرنس میں ضمانت پر رہائی ہوئی۔
اسی سال 23 مئی کو نیب نے احتساب عدالت میں رپورٹ داخل کرائی جس میں شہباز شریف کو آشیانہ ریفرنس میں کلین چٹ دی گئی۔