تازہ ترین
شیخوپورہ: لیڈی ڈاکٹر کے ہینڈ بیگ میں رکھا پستول چل گیا، مریضہ زخمی
شیخوپورہ کی تحصیل صفدر آباد کے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ڈیوٹی پر موجود لیڈی ڈاکٹر سےلوڈ پسٹل چل گیا۔گولی لگنے سے دوا کے لیے ائی مریضہ زخمی ہوگئی۔
ایم ایس تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال کی جانب سے اعلیٰ حکام کو بھجوائی گئی رپورٹ کے مطابق لیڈی ڈاکٹر حنا منظور دوران ڈیوٹی اپنے پرس میں لوڈ پسٹل رکھتی ہے لیکن اس کی خبر ہسپتال انتظامیہ کو نہیں تھی۔
ایم ایس کے مطابق ڈاکٹر حنا منظور خواتین کے آؤٹ ڈور میں ڈیوٹی روسٹر کے مطابق ڈیوٹی پر موجود تھی،اس دوران اس نے اپنے ہینڈ بیگ سے کچھ نکالنے یا رکھنے کی کوشش کی تو ہینڈ بیگ میں رکھا لوڈ پستول چل گیا اور ڈاکٹر حنا منظور کے پاس چیک اپ کے لیے آئی آسیہ بی بی زوجہ غلام رسول کو گولی جا لگی جو ڈاکٹر کی میز کے پاس اس کی پشت کی جانب کھڑی تھی۔
ایم ایس تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ ڈاکٹر حنا منظور نے آسیہ بی بی کو فوری طور پر آپریشن تھیٹر لے جا کر طبی امداد دی اور مزید علاج کے لیے اپنی ذاتی کار میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال شیخوپورہ لے گئی۔
ایم ایس نے اپنی بریت کے اظہار کے لیے رپورٹ میں لکھا کہ ڈاکٹر حنا منظور ہسپتال انتظامیہ کے علم میں لائے بغیر پستول ساتھ رکھتی ہیں۔