ٹاپ سٹوریز
کوئی امیرالمومنین بننا چاہتا ہے تو کوئی ٹائیگر فورس سے ملک چلانا چاہتا ہے، سیاسی اختلاف کو دشمنی نہ بنائیں، بلاول
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کوئی امیرالمومنین بننا تو کوئی ٹائیگر فورس سے ملک چلانا چاہتا ہے، سیاسی اختلافات کو اختلافات تک ہی رکھیں، دشمنی نہ کریں۔
لاہور ہائی کورٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مجھے تیسری مرتبہ ہائی کورٹ بار کی تقریب میں آنے کا موقع ملا ہے، ہماری 2 نسلیں انصاف مانگنے کے لیے آتی رہیں، لاہور ہائی کورٹ کو آج تک کرائم سین کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا شکر گزار ہوں، اُمید ہے کہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کو انصاف دیا جائے گا، اُمید ہے کہ ملک کے عوام اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں کو انصاف ملے گا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہم نے کم وسائل اور زیادہ محنت سے بتایا ہے کہ ہم کسی سے کم نہیں، آپ بھی مانیں کہ میں محب وطن ہوں اور میں بھی مانوں کہ آپ بھی محب وطن ہیں۔
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ سیاسی کارکنوں کی عزت و احترام کرتا ہوں، ن لیگ، پی ٹی آئی یا کسی بھی جماعت کا ہو، آج پھر ملک میں انتقام اور تقسیم کی سیاست نظر آ رہی ہے، یہ انتقام اور تقسیم کی سیاست بانی پی ٹی آئی واپس لے کر آئے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ ہم نے کہا اگر ہمارے پرانے سیاست دان پرانے طریقے سے لڑتے رہیں گے تو مسائل کا حل نہیں نکال سکیں گے، میں چاہتا ہوں روایتی سیاست کو دفن کریں اور ملک کو نئی سمت میں لے کر جائیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ جب تک ہم یہ فیصلہ نہیں کریں گے، تب تک فرق نہیں پڑتا، پرانی سیاست کریں گے تو جو بھی وزیرِ اعظم بنے گا ملک نہیں چلے گا، معاشی مسائل سے نہیں نکل سکیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری کا یہ بھی کہنا ہے کہ میں سمجھتا ہوں، شہید ذوالفقار علی بھٹو کا قتل کیس چل رہا ہے یہ موقع ہے کہ ہم تاریخ اور سیاست کو درست کریں، میں چاہتا ہوں فخر کے ساتھ آئین کی گولڈن جوبلی منائیں۔