پاکستان
الیکشن کے حوالے سے قیاس آرائی سے گریز کیا جائے، مبصرین کو کارڈ جاری کر دیئے، مرتضیٰ سولنگی
نگران وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ انتخابات کے حوالےسے قیاس آرائیوں سے گریزکرنا چاہئے،انتخابات کی کوریج کیلئے غیر ملکی میڈیا کے نمائندے پہلے ہی پاکستان میں ہیں،مبصرین اور غیر ملکی صحافیوں کو 49 ویزے جاری کئےگئے۔
نگران وزیرمرتضیٰ سولنگی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نئی دہلی ہائی کمیشن میں 24 درخواستیں ویزاکیلئے زیر غور ہیں،برطانیہ سے 25مبصرین کی درخواستیں پراسس میں ہیں،روس سے 8 ،جاپان سے 13 درخواستیں پراسس میں ہیں،کینیڈاسے 5 پارلیمنٹ ارکان نے درخواستیں دی ہیں،جنوبی افریقہ سے 2 آبزرویشن کی درخواستیں پراسس میں ہیں،کامن ویلتھ کی جانب سے 5 درخواستیں پراسس میں ہیں۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ 6ہزار سے زائد مبصرین اور صحافیوں کو ایکریڈیشن کارڈ جاری کرچکے ہیں،کراچی،لاہور اور اسلام آباد کیلئے مبصرین کو اجازت نامے جاری کئے ہیں،174غیر ملکی صحافی پہلےسے ہی پاکستان میں میڈیا کیلئے کام کررہے ہیں۔
نگران وزیراطلاعات نے کہا کہ ریاست کی ذمہ داری ہے اپنے بچوں،شہریوں کی حفاظت کرے،صحافیوں کو علم ہے اپنی سکیورٹی کا خیال کیسے رکھنا ہے، جہاں سکیورٹی کی ضرورت ہوگی اسے ہم پورا کریں گے۔