پاکستان
شمالی وزیرستان میں خواتین کے 3 پولنگ سٹیشنز پر طالبان نے قبضہ کر لیا، محسن داوڑ
نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے صدر اور شمالی وزیرستان سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 40 سے نامزد امیدوار محسن داوڑ نے الزام لگایا ہے کہ ان کے حلقے میں خواتین کے 3 پولنگ سٹیشنز پر طالبان نے قبضہ کر رکھا ہے.
محسن داوڑ نے الیکشن کمیشن سے درخواست کی ہے کہ وہ اس حلقے میں قائم خواتین کے تین پولنگ سٹیشنز پر طالبان کے مبینہ قبضے اور ووٹرز کو دھمکیاں دینے کے معاملے کا نوٹس لے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر چیف الیکشن کمشنر کے نام لکھی گئی درخواست پوسٹ کرتے ہوئے محسن داوڑ نے دعویٰ کیا ہے کہ این اے 40 میں سکیورٹی کی صورتحال پر وہ پہلے بھی ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر کو خط لکھ چکے تھے تاہم اس پر توجہ نہیں دی گئی۔
چیف الیکشن کمشنر کے نام خط میں محسن داوڑ نے دعویٰ کیا ہے کہ این اے 40 کے علاقے ’ٹپی‘ میں قائم خواتین کے چار میں سے تین پولنگ سٹیشنز پر طالبان کے جمعرات کی صبح دھاوا بولا جس کے بعد وہاں موجود پولنگ عملہ اپنی جان بچا کر بھاگ گیا اور طالبان نے ان پولنگ سٹیشنز پر قبضہ کر لیا۔
محسن داوڑ نے چیف الیکشن کمشنر سے استدعا کی ہے کہ وہ فی الفور صورتحال کا نوٹس لیں۔