تازہ ترین
بی جے پی کے زیر قیادت اتحاد این ڈی اے نے نریندر مودی کو وزیراعظم نامزد کردیا
ہندوستان کے نریندر مودی کو ان کے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کے قانون سازوں نے جمعہ کو باضابطہ طور پر تیسری مدت کے لیے وزیر اعظم نامزد کردیا۔
مودی ایک دن بعد میں صدر دروپدی مرمو سے ملاقات کریں گے اور نئی حکومت کی تشکیل کا اپنا دعویٰ پیش کریں گے، ان کے ایک اتحادی کے ترجمان نے کہا کہ ان کی حلف برداری اتوار کی شام کو مقرر ہے۔
ایک دہائی میں یہ پہلا موقع ہے کہ مودی کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو حکومت بنانے کے لیے علاقائی جماعتوں کی حمایت کی ضرورت پڑی۔
پچھلے دو ادوار میں شاندار اکثریت رکھنے والی پارٹی نے پارلیمنٹ کے ایوان زیریں میں صرف 240 نشستیں حاصل کیں جو کہ اپنے طور پر حکومت کرنے کے لیے درکار 272 نشستوں سے بہت کم ہیں۔
این ڈی اے نے 543 رکنی لوک سبھا میں 293 نشستیں حاصل کیں، اور راہول گاندھی کی مرکزی کانگریس پارٹی کی قیادت میں انڈیا اتحاد نے پیش گوئیوں سے زیادہ 230 نشستیں حاصل کیں۔
بی جے پی اور اس کے حلیفوں بشمول تیلگو دیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) اور جنتا دل (یونائیٹڈ) کے قانون سازوں نے 4 جون کو ووٹوں کی گنتی اور نتائج کے اعلان کے بعد اتحاد کی پہلی میٹنگ میں مودی کو قائد بننے کے لیے متفقہ طور پر ووٹ دیا۔
مودی کا نام سبکدوش ہونے والے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے تجویز کیا اور اتحاد میں شامل دیگر سبکدوش ہونے والے وزراء اور پارٹیوں کے رہنماؤں نے اس کی تائید اور حمایت کی۔
پارلیمنٹ کی پرانی عمارت کے مرکزی ہال میں، نومنتخب قانون سازوں اور اتحاد کے سینئر رہنماؤں نے میزیں تھپتھپائیں اور ان کی امیدواری کی حمایت کے لیے تالیاں بجائیں، کچھ کھڑے ہو کر "مودی، مودی!” کے نعرے لگا رہے تھے۔
ٹی ڈی پی کے ترجمان نے رائٹرز کو بتایا کہ وزیر اعظم کی حلف برداری کی تقریب اتوار کی شام کو مقرر ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بی جے پی کے دونوں اتحادی ایوان زیریں میں اسپیکر کے عہدے پر نظریں جمائے ہوئے ہیں، جب کہ پارٹی خود چار اہم وزارتیں – خارجہ امور، دفاع، داخلہ اور خزانہ اپنے پاس رکھے گی۔