پاکستان

اسلام آباد میں جنوبی کوریا کے تعاون سے آئی ٹی پارک کی تعمیر اسی سال مکمل کی جائے، وزیراعظم کی ہدایت

Published

on

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ اسلام آباد میں جنوبی کوریا کے تعاون سے 25 ارب روپے کی لاگت سے 12 منزلہ جدید آئی ٹی پارک رواں سال مکمل کیاجائے، آئی ٹی پارک کی تکمیل سے 10 ہزار ملازمتوں کے مواقع میسر آئیں گے،آئی ٹی برآمدات میں 70 ملین ڈالر کا اضافہ ہوگا،اس منصوبے سے اکیڈیمیا،محققین،صنعت اور منصوبہ سازوں کے مابین ہم آہنگی پیدا ہوگی،نوجوانوں کو فنی تعلیم سے آراستہ کریں گے،پاکستان کی ترقی کے لئے سب کو مل کر محنت کرنا ہوگی۔

ہفتہ کو اسلام آباد میں ٹیکنالوجی پارک منصوبے کا دورہ اور تعمیراتی کام کے جائزہ کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کے جدید آئی ٹی پارک کی تعمیر کے لئے جنوبی کوریا کے تعاون کے مشکور ہیں، یہ سہولیات کے اعتبار سے شاندار منصوبہ ہوگا۔اس منصوبہ پر 25 ارب روپے لاگت آئے گی۔70 ملین ڈالر کا نرم شرائط پر قرضہ جنوبی افریقہ نے دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی کوریا کی کمپنی کو اس منصوبے کا 2022 میں کنٹریکٹ ایوارڈ کیاگیا جس پر زور وشور سے کام جاری ہے،دوبارہ حکومت آنے پر اس پر اب تیزی سے کام ہورہا ہے۔اس کی تکمیل جون 2025 میں متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر مملکت شیزا فاطمہ اور سیکرٹری آئی ٹی اور متعلقہ کمپنی سے کہا ہے کہ اسی سال اس جدید منصوبے کو مکمل کریں۔یہ پارک پاکستان اور بیرون ملک کے لئے رول ماڈل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں منصوبوں کی تکمیل کے لئے جو پالیسی تھی اب وفاق میں بھی یہی پالیسی ہوگی۔تعمیر کا کام شاندار ہے،معیار پر جنوبی کوریا سمجھوتہ نہیں کرتا، متعلقہ ایم این اے بھی اس کی تعمیر میں دلچسپی لیں۔اس میں حائل رکا وٹیں دیکھیں تاکہ ان کو دور کیاجاسکے۔ یہاں پر آئی ٹی کمپنیوں کے 120 سے زائد دفاتر ہوں گے۔لیول تھری کا پہلا ڈیٹا سنٹر بھی یہاں پر قائم ہوگا جو بذات خود اعلی سطح کا سنٹر ہوگا۔ انکیوبیشن، بزنس سپورٹ سینٹر ہوں گے۔12 منزلہ عمارت میں ایک چھت تلے تمام سہولیات دستیاب ہوں گی۔اکیڈیمیا کے ساتھ اس پارک کا قریبی تعلق ہوگا۔پروفیسر اور سٹوڈنٹس یہاں کا دورہ کریں گے ۔ان کی رہائش کے لئے یہاں گیسٹ ہائوس کا بھی انتظام کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہاں پر کمرشل،سپورٹس کی سہولیات ہوں گی۔تحقیق وترقی کے لئے آئی ٹی لیبارٹریاں قائم ہوں گی۔آڈیٹوریم اور ورچوئل کلاس رومز کا انتظام کیاگیا ہے، اس سے پاکستان بھر کی جامعات مستفید ہوسکیں گی۔اس سنٹر میں 10 ہزار ملازمتیں پیدا ہوں گی۔ اس سنٹر کی بدولت 250 ای روزگار مراکز ملک بھر میں قائم ہوں گے۔یہ ایک جدید آئی ٹی پارک ہوگا جو انقلابی حیثیت کا حامل ہوگا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اس جدید پارک کی تعمیر پر قوم کو مبارکباد دیتے ہیں۔اس سے پورا پاکستان مستفید ہوگا،ہم صوبوں کے تعاون سے ایسے مزید آئی ٹی پارک کی تعمیر یقینی بنائیں گے۔ آئی ٹی کا سب سے بڑا بجٹ 80 ارب روپے مختص کیا ہے۔ای اکانومی اور ای گورننس کے حوالے سے بات ہوئی ہے دو ہفتے بعد دوبارہ ملاقات میں اس کو ٹھوس شکل دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید ہنر سے آراستہ کریں گے ، یہ ایک چیلنج ہے جس کو مل کر پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔بجٹ میں فنڈز مختص کرنے پر وزارت خزانہ کا شکریہ اداکرتے ہیں اور اس بجٹ کی منظوری پر اتحادیوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ اپنے آفس، وزیر اطلاعات و نشریات، ایم این ایز اور جنوبی کوریا کی کمپنی کے مشکور ہیں جو ہمارے نوجوانوں کے لیے یہ سہولت دے رہے ہیں۔اس سے نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کیاجائے گا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ جب یہ منصوبہ شروع ہوا تو اس وقت امین الحق وزیر آئی ٹی تھے جنہوں نے اس منصوبے میں بڑی کاوش کی ۔سی ڈی اے اور وزارت داخلہ کے تعاون پر بھی مشکور ہیں۔انہوں نے کہا کہ محنت کریں اور لگن سے فیصلے کریں تو کوئی مشکل،مشکل نہیں رہتی۔پاکستان کو ترقی کی منازل طے کرنی ہیں اس کے لئے سب کو مل کر محنت کرنا ہوگی۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین

Exit mobile version