ٹاپ سٹوریز

عدالت نے پرویز الٰہی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا

Published

on

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

سابق وزیر اعظم عمران خان کی عدالت میں پیشی کے موقع پر جوڈیشل کمپلکس میں ہونے والی تھوڑ پھوڑ کے مقدمے کی تفتیش کرنے والے افسر نے عدالت سے ملزم کے دس روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔ تاہم انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج نے تفتیشی افسر کی استدعا کو مسترد کردیا۔

عدالت نے تفیشی افسر سے استفسار کیا کہ پہلے جو دو دن کا جسمانی ریمانڈ دیا گیا، کیا اس دوران اس مقدمے کی تفتیش میں کوئی پیش رفت ہوئی ہے؟ تفتیشی افسر نے بتایا کہ تفتیش کا سلسلہ جاری ہے، اسی لیے ملزم کا مزید جسمانی ریمانڈ مانگا گیا ہے۔

چوہدری پرویز الہی کے وکیل عبدالرازق نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ جوڈیشل کمپلکس میں توڑ پھوڑ کا واقعہ اس سال مارچ کا ہے جبکہ ان کے مؤکل نے اپریل میں تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی اور وہ اس مقدمے میں نامزد ملزم بھی نہیں۔

انھوں نے کہا کہ ان کے مؤکل کے خلاف سیاسی مقدمات بنائے جارہے ہیں، لاہور ہائی کورٹ سمیت محتلف عدالتوں نے انھیں رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔

عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا کو مسترد کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

ملزم کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کے مؤکل کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بھیجا جائے کیونکہ اس سے پہلے انھیں اٹک جیل میں منتقل کیا گیا تھا۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج نے کہا کہ وہ اس بارے میں ارڈر پاس کریں گے۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین

Exit mobile version