Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

Uncategorized

قطر میں گرفتار بھارتی بحریہ کے 8 سابق اہلکاروں کی سزائے موت قید میں تبدیل کردی گئی

Published

on

قطرمیں سزائے موت پانے والے بھارتی بحریہ کے 8 سابق اہلکاروں کی موت کی سزا کو قید میں تبدیل کردیا گیا۔ ان اہلکاروں پر اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے کا الزام تھا۔

بھارتی بحریہ کے اہلکاروں کی اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے قطر کی عدالت نے اُن کی سزائے موت کو کم کرکے جیل کی سزا سنائی۔فیصلہ سنائے جانے کے وقت آٹھوں سابق اہلکاروں کے اہل خانہ اور بھارتی سفیربھی عدالت میں موجود تھے۔

بھارتی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ تفصیلی فیصلے کا انتظار ہے۔ ہم قانونی ٹیم کے ساتھ ساتھ اہل خانہ کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں تاکہ اگلے اقدامات کا فیصلہ کیا جاسکے۔؎

بیان کے مطابق، ’قطر میں ہمارے سفیر اوردیگر حکام آج اپیل کورٹ میں اہل خانہ کے ہمراہ موجود تھے۔ ہم اس معاملے کے آغاز سے ہی ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہرطرح کی قونصلر اور قانونی مدد جاری رکھیں گے۔ ہم قطری حکام کے ساتھ بھی اس معاملے کو اٹھاتے رہیں گے۔‘

اس حوالےسے مزید کہا گیا ہے کہ معاملے کی کارروائی کی خفیہ اور حساس نوعیت کی وجہ سے اس موقع پر مزید کوئی تبصرہ کرنا مناسب نہیں ہوگا۔

بھارتی بحریہ کے ان سابق اہلکاروں کو اکتوبر میں قطرکی ایک عدالت نے سزائے موت سنائی تھی۔ بھارت نے اس فیصلے کو ’انتہائی حیران کن‘ قرار دیتے ہوئے نومبر میں اپیل دائر کی تھی۔

ڈاہرہ گلوبل دوحہ کے ان تمام ملازمین کو اگست 2022 میں حراست میں لیا گیا تھا۔ قطری حکام کی جانب سے ان کے خلاف لگائے گئے الزامات کو عام نہیں کیا گیا تھا۔ تاہم فنانشل ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق ان پر اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

ان الزامات کے بارے میں بھارت کی جانب سے کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین