تازہ ترین
پاکستان کی بدنامی روکنا ہوگی
دو روز پہلے میرے ایک نہایت دیرینہ دوست بلکہ چھوٹے بھائی شیخ آصف مجھ سے ملنے آئے۔ چاول کی ایکسپورٹ کا کاروبار کرتے ہیں اور وہ بتا رہے تھے کہ کاروبار بڑا مندا جا رہا ہے‘ کیونکہ یوکرین کی جنگ کی وجہ سے برآمدہ چاول کی شپمنٹ کے لیے لمبا فاصلہ طے کرنا پڑتا ہے۔ وہ ابھی میرے پاس موجود ہی تھے کہ ایک اور دوست فواز ملنے آ گئے۔ برطانیہ میں رہتے ہیں اور دو روز بعد واپس جا رہے تھے۔ باتوں باتوں میں پوچھا کہ سیدھا برطانیہ جاﺅ گے یا دبئی کے راستے سے ہو کر جاﺅ گے تو اس نے بتایا کہ دبئی سے ہو کر جانا ہے‘ وہاں دو تین دن سٹے کروں گا۔
اس پر میرے دونوں چھوٹے بھائیوں جیسے دوستوں اور میرے درمیان بات چیت بلکہ بحث کا طویل سلسلہ شروع ہو گیا۔ میرے رائس ایکسپورٹر اور برطانیہ والے‘ دونوں دوستوں نے بتایا کہ یو اے ای نے پاکستانیوں کو ویزے جاری کرنے پر پابندی لگا دی ہے‘ اور اس پابندی کی وجہ ہے منشیات کی ترسیل اور یو اے ای میں پاکستانیوں کی جانب سے بھیک مانگنے کا سلسلہ‘ جو دراز ہی ہوتا چلا جا رہا ہے۔ چند ہفتے پہلے ایسی خبریں سننے میں تو آ رہی تھیں کہ دبئی نے 42 سال سے کم عمر کے تنہا سفر کرنے والے پاکستانی مردوں کو ویزے جاری کرنا بند کر دیے ہیں۔ ایسی خبروں یا دعووں کے بعد یو اے ای کا سفر کرنے والے پاکستانیوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی‘ لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ ایسی خبریں محض افواہیں تھیں‘ لیکن اب میرے بیرونِ ملک وافر سفر کرنے والے دوست پھر بتا رہے ہیں کہ پابندی لگ چکی ہے یا لگ رہی ہے۔ یہ بات کنفرم تو نہیں ہے لیکن اگر ایسی خبروں میں تھوڑی سی صداقت بھی ہے تو یہ حیرت سے زیادہ افسوس کی بات ہے کہ مسلم اور وہ بھی عرب ریاستیں پاکستانیوں کا اپنے ہاں آنا پسند نہیں کر رہی ہیں۔
مجھے کچھ عرصہ پہلے پڑھی گئی ایک خبر فوراً یاد آ گئی جس میں بتایاگیا تھا کہ سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ میں رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بھیک مانگتے 4345 بھکاریوں کو گرفتار کیا گیا‘ جن میں سے 90 فیصد بھکاریوں کا تعلق پاکستان سے تھا۔ بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے اعداد و شمار کے مطابق 2023ءکے پہلے چھ ماہ کے دوران تقریباً 4 لاکھ پاکستانی ملازمت کی خاطر ملک چھوڑ کر باہر چلے گئے تھے۔ ان میں 40 فیصد ہنرمند اور 42 فیصد غیر ہنر مند مزدور شامل تھے‘ اور ان 4 لاکھ میں سے تقریباً 47 فیصد سعودی عرب اور کم و بیش 25 فیصد عرب امارات گئے‘ جس کے بعد دیگر خلیجی ریاستوں کا نمبر آتا ہے۔ اب جو ہنر مند ہیں انہیں تو کہیں نہ کہیں کوئی نہ کوئی کم تنخواہ والی یا زیادہ تنخواہ والی نوکری مل گئی ہو گی لیکں جو غیر ہنر مند بیرون ملک گئے ہیں آپ کا کیا خیال ہے کہ وہ وہاں کیا کرتے ہوں گے؟ ظاہر ہے اپنے فیک یا اوریجنل دکھڑے سنا کر بھیک مانگتے ہوں گے۔
اوورسیز منسٹری کے ایک افسر کے حوالے سے شائع ہونے والی ایک خبر کے مطابق اسلام آباد میں مقیم سفیر ہمیں کہتے ہیں کہ آپ عادی مجرم ہمارے پاس بھیجتے ہیں جس سے ہماری جیلیں بھر گئی ہیں۔ یہ انسانی سمگلنگ کا مسئلہ ہے جو دوسرے ممالک میں پاکستان کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں۔ بھکاری زیادہ تر عمرے یا وزٹ ویزے پر جاتے ہیں اور زیارات کے مقامات پر بھیک مانگتے ہیں۔ ہمارے کئی تارکینِ وطن صرف اس لیے ڈی پورٹ ہو رہے ہیں کہ وہ وہاں جا کر بھکاری بن جاتے ہیں۔ اب بتائیے ایسے حالات میں کون پاکستانیوں کو اپنے ہاں آنے کی اجازت دے سکتا ہے؟
یاد رہے کہ جہاں پاکستان میں ہر گلی محلے میں اور ہر گزرگاہ‘ ہر چوراہے پر آپ کو گداگر نظر آتے ہیں وہاں سعودی عرب اور دوسرے عرب ممالک میں اس طرح مانگنے کی ممانعت ہے۔ گداگری کی ممانعت تو خیر یہاں پاکستان میں بھی ہے لیکن ایسی ممانعت کا کون خیال رکھتا ہے۔ یہ تو ریاست کا قانون ہے جسے ہم نظر انداز کرتے ہیں‘ ہم تو بہت سے ایسے کام بھی کر جاتے ہیں جو ہمارے مذہب نے ہمیں کرنے سے منع کیا ہے۔ اس حوالے سے تازہ ترین خبر یہ ہے کہ متحدہ عرب امارات میں ہونے والے 50 فیصد جرائم میں مبینہ طور پر پاکستانیوں کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اوورسیز پاکستانیز کے اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ حالیہ دنوں میں ورکرز کے حوالے سے معاہدہ ہوا ہے، سعودی عرب نے مطالبہ کیا ہے کہ بھکاری، بیمار لوگوں اور سکلز کے بغیر لوگ نہ بھیجیں۔ اس دوران قائمہ کمیٹی نے 4 ہزار ایمپلائمنٹ کمپنیوں کی تفصیلات طلب کر لیں جبکہ حکام وزارتِ اوورسیز نے بتایا کہ پاکستانی بیرون ملک مجرمانہ سرگرمیوں میں سب سے زیادہ ملوث ہیں۔ بریفنگ کے دوران سعودی عرب کی جانب سے 92 نرسیں ڈگریاں نہ ہونے کے باعث واپس بھجوائے جانے کا انکشاف ہوا۔ سیکرٹری وزارتِ اوورسیز نے بتایا کہ اس معاملے کی تحقیقات میں پتا چلا نرسوں کی واپسی کا ذمے دار مڈل مین ہے۔
بیرونِ ملک انسانی سمگلنگ‘ منشیات کی سمگلنگ اور دوسرے ممالک میں گداگری گمبھیر معاملات ہیں جن پر فوری توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ ان کا تعلق پاکستان کی ساکھ کے ساتھ ساتھ معیشت کے ساتھ بھی ہے کہ اس سے ہمارے ملک کی درآمدات اور برآمدات متاثر ہو سکتی ہیں۔ میرے مذکورہ بالا دوستوں جیسے بہت سے تاجر اور کاروباری روزانہ دوسرے ممالک کا سفر کرتے ہیں۔ اب کسی کے منہ پر تو نہیں لکھا ہوتا کہ وہ کس کام کے لیے بیرون ملک جا رہا ہے‘ تو جب دوسرے ممالک پاکستانیوں کے اپنے ہاں آنے پر پابندی لگائیں گے تو ظاہر ہے کہ سبھی اس پابندی کی لپیٹ میں آ جائیں گے۔ ویسے ہی ہمارا ملک بعض تاجر حضرات کی ماضی کی غلطیوں کا خمیازہ اب تک بھگت رہا ہے‘ کہ ان کی تجارتی بدمعاملگیوں کی وجہ سے بہت سی عالمی منڈیاں پاکستان کے ہاتھ سے نکل چکی ہیں۔ اب منشیات کی سمگلنگ اور بیرون ملک گداگری کے مسئلے پر قابو پانے کی سنجیدہ کوشش نہ کی گئی تو نتیجہ ملک کی عالمی تجارت میں انحطاط کی صورت میں نکل سکتا ہے۔
حال ہی میں وزیر اعظم شہباز شریف نے ملکی برآمدات کو 60 ارب ڈالر سالانہ پر پہنچانے کا ہدف دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزارتِ تجارت و متعلقہ ادارے آئندہ 3 برس میں اس ہدف کو پورا کرنے کے لیے عملی اقدامات کریں۔ یہ ہدف قابلِ رسائی ہے‘ لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ ان شکایات پر توجہ دی جائے جو دوسرے ممالک کی جانب سے پاکستانی تارکینِ وطن کے بارے میں کی جا رہی ہیں۔ میرے خیال میں تو بیرونِ ملک جانے والوں کے لیے باقاعدہ تربیتی پروگرام ہونے چاہئیں تاکہ وہ جس ملک میں بھی جائیں‘ اس کے قوانین اور معاشرتی اقدار کی پاسداری کریں۔
اس کے ساتھ ساتھ ضروری ہے کہ بیرونِ ملک جانے والوں کی سکروٹنی کا عمل تیز کیا جائے تاکہ وہ لوگ بیرونِ ملک خصوصی طور پر عرب ممالک نہ جا سکیں جو وہاں گداگری اور منشیات کی سمگلنگ جیسے قبیح افعال کے ذریعے ملک کی بدنامی کا باعث بنتے ہیں اور مختلف نوعیت کے جرائم میں ملوث ہو کر وطنِ عزیز کی ساکھ متاثر کرتے ہیں۔
-
کھیل1 سال ago
ورلڈ کپ میں ٹیم کی بدترین کارکردگی، سری لنکا نے اپنا کرکٹ بورڈ برطرف کردیا
-
کھیل1 سال ago
کم عمر لڑکی کی سیکس ویڈیو بنانے اور شیئر کرنے پر ریئل میڈرڈ کے 3 کھلاڑی گرفتار
-
تازہ ترین6 مہینے ago
چیئرمین پی سی بی دو طرفہ سیریز پر بات کرنے آئرلینڈ پہنچ گئے
-
پاکستان6 مہینے ago
مریم نواز سے گورنر پنجاب کی ملاقات،صوبے کی ترقی کے لیے اہم امور پر تبادلہ خیال
-
ٹاپ سٹوریز1 سال ago
آئی ایم ایف بورڈ سے معاہدہ منظور،1.2 ارب ڈالر کا فوری اجرا ممکن، باقی رقم دو سہ ماہی جائزوں سے مشروط
-
کالم1 سال ago
اسلام میں عبادت کا تصور
-
ٹاپ سٹوریز6 مہینے ago
اسحاق ڈار سے امریکی سفیر کی ملاقات، سکیورٹی اور اقتصادی تعاون سمیت دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال
-
تازہ ترین8 مہینے ago
پی سی بی نے انٹرنیشنل ٹیموں کے قیام کے لیے عمارت خرید لی