پاکستان
سینیٹ کی 6 خالی نشستوں پر الیکشن 14 مارچ کو ہوگا
عام انتخابات کے بعد سینیٹ کی خالی نشستوں پر انتخاب کے لیے الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کردیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق سینیٹ کی 6 خالی نشستوں پر الیکشن 14 مارچ کو ہوگا، سینیٹ کی نشستوں کیلئے کاغذاتِ نامزدگی 2 سے 3 مارچ تک جمع کرائے جاسکیں گے۔
امیدواروں کی فہرست 3 مارچ کو آویزاں کی جائے گی اور کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال 5 مارچ کو ہوگی۔
شیڈول کے مطابق کاغذاتِ نامزدگی پر اپیلیں 7 مارچ تک جمع کرائی جاسکیں گی اور ٹربیونلز 9 مارچ تک اپیلیں نمٹائیں گے جبکہ کاغذاتِ نامزدگی 10 مارچ تک واپس لیے جاسکتے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق سینیٹ نشستوں کیلئے پولنگ قومی اسمبلی، سندھ اسمبلی اور بلوچستان اسمبلی میں ہوگی۔ قومی اسمبلی کے ممبران اسلام آباد سے ایک نشست پر ممبر کو منتخب کریں گے۔
یاد رہے کہ یوسف رضا گیلانی، مولانا غفور حیدری، نثار کھوڑو، جام مہتاب، پرنس احمد عمر اور سرفراز بگٹی کی نشستیں خالی ہوئی ہیں۔