ٹاپ سٹوریز
لاہور میں پہلی مصنوعی بارش کا تجربہ کامیاب، عرب امارات نے تحفہ دیا، ہمارا کوئی خرچ نہیں ہوا، وزیراعلیٰ پنجاب
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ لاہور میں آج پہلی مصنوعی بارش کی گئی ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ لاہور میں مصنوعی بارش کا کامیاب تجربہ رہا، وزیراعظم نے مبارک باد دی ہے۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آج صبح لاہور آلودہ ترین شہر تھا، ملک کی تاریخ میں آج پہلی بار مصنوعی بارش کی گئی۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مصنوعی بارش کیلئے ہم نے کوئی خصوصی خرچہ نہیں کیا، اسموگ کے خاتمے کیلئے اگر خرچہ کرنا بھی پڑتا تو میں دریغ نہ کرتا۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں اکثر مقامات پر بارش ہوگئی ہے، لاہور کے تقریباً 10 علاقوں میں ہلکی پھلکی بارش ہوئی، 10 سے 15کلو میٹر کے ایریا میں یہ ساری بارش کو پلان کیا گیا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ مصنوعی بارش میں یو اے ای نے سپورٹ کیا، یو اے ای کی ٹیم یہاں موجود تھی، وفاقی حکومت مصنوعی بارش کے منصوبے پر کام کر رہی ہے، مصنوعی بارش کا تجربہ ہمارے لیے بہت ضروری تھا۔
انہوں نے کہا کہ اسموگ ٹاورز بھی جلد انسٹال ہوجائیں گے، مصنوعی بارش کا تجربہ نیا ہے اس کے اثرات پر نظر رکھے ہوئے ہیں، ہم نے لانگ ٹرم اور شارٹ ٹرم دونوں چیزوں کو مد نظر رکھا، ہمیں مصنوعی بارش کے بعد کے نتائج کا انتظار ہے، آج رات تک مصنوعی بارش کے نتائج آ جائیں گے۔
محسن نقوی نے کہا کہ کلاوڈ سیڈنگ کا پہلا مشن کچھ دیر پہلے کیا گیا، شاہدرہ اور مریدکے کی طرف بادل برسائے گئے، مصنوعی بارش کے لیے ہمارا ایک روپیہ بھی نہیں لگا، 10 بارہ دن سے بادل نہیں تھے، آج بھی لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر تھا، یو اے ای حکومت کی وجہ سے ہم مصنوعی بارش کرسکے، یو اے ای حکومت کی جانب سے بارش بطور تحفہ برسائی گئی۔