پاکستان
گرینڈ الائنس کے تحت 13 اپریل کو پشین میں پہلا جلسہ ہوگا، پی ٹی آئی کور کمیٹی
پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی کے اجلاس میں بانی چیئرمین عمران خان کے خلاف مقدمات کے حوالے سے مفصل بریفنگ دی گئی،کورکمیٹی نے خیبرپختونخوا میں سینٹ انتخابات ملتوی کرنے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی۔
اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں بانی چیئرمین عمران خان کیخلاف عدالتی کارروائی میں سست روی نہایت افسوسناک قرار دیتے ہوئے ان کی فوری تکمیل اور رہائی کا پرزور مطالبہ کیا گیا۔
اعلامیہ میں کہا گیاہے کہ الیکشن کمیشن کا اقدام، دستور کے کھلی بےحرمتی، وفاق کی وحدت و یکجہتی پر حملہ اور عوام کے ووٹ کے حق کی کھلی پامالی کی کوشش ہے، کمیٹی نے نامکمل ایوانوں کے ذریعے جمہوریت کو داغدار کرنے اور الیکشن کمیشن کی مجرمانہ معاونت سے عوام کے ووٹ کے حق کو غیر مؤثر کرنے کی شدید مذمت کی۔
کورکمیٹی کے اجلاس میں اعلیٰ عدلیہ کے ججز کو مشکوک خطوط کے ذریعے ہراساں کرنے کی بھی شدید مذمت کی گئی اورججز کی ہراسگی کے ذمہ داروں کے خلاف عبرتناک کارروائی کی ضرورت پر زور دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز کے خط پر فل کورٹ تشکیل دینے، عدالتی کارروائی کو براہِ راست نشر کرنے اور عدالتی کنونشن کے انعقاد کے مطالبات کا بھی اعادہ کیا گیا۔
کورکمیٹی نے الیکشن کمیشن اور اس کے قائم کردہ ٹربیونلز سے انتخابی عذرداریوں کو جلد نمٹانے کی ضرورت پر بھی زوردیا۔
کورکمیٹی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے تحریک انصاف کا انتخابی نشان بلّا بحال کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
اعلامیہ کے مطابق انٹراپارٹی انتخابات کی تمام تر تفصیلات جمع کروائے جانے کے بعد تحریک انصاف کے انتخابی نشان کی عدم بحالی کا کوئی قانونی جواز نہیں۔
کورکمیٹی کی جانب سے عیدالفطر کے بعد وسیع تر سیاسی اشتراک کے نتیجے میں وجود پذیر ہونے والے گرینڈ الائنس کے ذریعے بھرپور عوامی تحریک کی تائید کی۔
کور کمیٹی نے گرینڈ الائنس کےتحت پہلا بڑاعوامی اجتماع 13 اپریل کو بلوچستان کے ضلع پشین میں منعقد کرنے کا اعلان کیا۔
کورکمیٹی نے خواتین اسیران خصوصاً عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کی گرفتاری و ریمانڈ کی شدید مذمت کی،بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ سمیت تمام قائدین اور کارکنان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔
کور کمیٹی نے دستور و قانون کی حکمرانی، جمہوریت کی بحالی، عوامی مینڈیٹ کے احترام اور حقیقی آزادی کے حصول تک بانی چیئرمین کی قیادت میں تحریک جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔