تازہ ترین
مظاہر نقوی کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل کی سماعت مکمل، مزید ججز کے خلاف کارروائی کا عندیہ
چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی سربراہی میں سپریم جوڈیشل کونسل نے مستعفی جج مظاہر علی اکبر نقوی کے خلاف کارروائی مکمل کر لی۔
سپریم جوڈیشل کونسل نے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں اوپن کورٹ کارروائی کی اور مزید ججز کے خلاف کارروائی کا عندیہ دیا۔
سپریم جوڈیشل کونسل نے مظاہر نقوی کے بیٹوں کو بطور گواہ سمن نہ کرنے کا فیصلہ کیا، کونسل نے اٹارنی جنرل کو مظاہر نقوی کے بیٹوں کی حد تک نوٹسز واپس لینے کی ہدایت کی۔
سپریم جوڈیشل کونسل نے آج مستعفی جج مظاہر نقوی کو سرکاری پلاٹس کی الاٹمنٹ سے متعلق 4 گواہان کے بیانات قلمبند کئے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ لوگ بھول جاتے ہیں کہ ہم ٹیکس کے پیسے سے یہ کارروائی کرتے ہیں،جہاں 2 ججز دوسرے صوبوں سے آتے ہیں،ہمیں اس حقیقت کا مکمل ادراک ہے کہ سپریم کورٹ کے بنچز میں یہ معاملہ زیر التوا ہے،سپریم کورٹ نے جوڈیشل کونسل کی کارروائی پر کوئی اسٹے نہیں دیا،یہ معاملہ اگر لٹکا رہتا تو ہم پر تنقید ہوتی کہ کارروائی ختم کیوں نہیں کی،کچھ ججز کیخلاف بھی شکایات ہیں انہیں ان کیمرہ اجلاس میں دیکھا جائے گا۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ موجودہ کارروائی جج کی درخواست پر اوپن کورٹ سماعت ہوئی،مظاہر نقوی کو معلوم ہو گا کہ یہاں کیا کارروائی ہو رہی ہے، اگر کسی گواہ پر جرح کرنا چاہیں یا جواب دینا ہے تو آ سکتے ہیں۔
کونسل نے مزید کارروائی غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی۔