پاکستان
34 کلو چرس کے ملزم کا چالان بروقت پیش نہ کرنے پر آئی جی پنجاب اور پراسیکیوٹر جنرل عدالت طلب
لاہور ہائیکورٹ نے 34 کلو چرس کیس میں بروقت چالان پیش نہ کرنے کے معاملے پر پراسیکیوٹر جنرل اور آئی جی کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا، ایڈیشنل آئی جی لیگل نے سماعت کل تک ملتوی کرنے کی استدعا کی جو منظور کرلی گئی۔
لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے ابرار احمد کی ضمانت کی درخواست پر چیمبر میں سماعت کی۔
پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ، ایڈیشنل آئی جی لیگل سلیم چغتائی اور ڈی آئی جی لیگل کامران عادل پیش ہوئے۔ ایڈیشنل آئی جی لیگل سلیم چغتائی نے عدالت سے استدعا کی کہ آئی جی پنجاب ایک اہم اجلاس کی وجہ سے آج پیش نہیں ہوسکے، انہوں نے استدعا کی کہ کیس کی سماعت کل کے لیے مقرر کی جائے۔
ملزم ابرار کی بیوی نمرہ ابرار نے پولیس پر چالان پیش کرنے کیلئے رشوت مانگنے کا الزام لگایا جبکہ پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ کو چالان پیش نہ کرنے کیخلاف درخواست دی گئی۔ملزم ابرار سے 34 کلو چرس برآمدگی کا مقدمہ تھانہ کاہنہ میں درج ہے۔