تازہ ترین
بلوچ دہشتگرد تنظیم کا سرغنہ اپنے ہی ساتھی کے ہاتھوں قتل، بھارتی کٹھ پتلیوں میں اختلافات کھل کر سامنے آ گئے
بی ایل ایف کا انتہائی مطلوب دھشتگرد سرغنہ شمبین عرف شہک اپنے ہی ساتھیوں کے ہاتھوں مارا گیا،شمبین کی ہلاکت سے بی ایل ایف کی اندرونی دراڑیں کھل کر سامنے آنا شروع ہو گئیں۔
ذرائع نے بتایا کہ بھارتی فنڈنگ سے قائم دہشتگرد گروہ بی ایل ایف کے اہم سرغنہ شمبین عرف شہک کو بی ایل ایف کے اپنے ہی ساتھی نے جہنم واصل کیا۔
ذرائع نے کہا کہ بی ایل ایف اور بھارتی فنڈنگ سے بنے دیگر دہشتگرد گروپوں میں فنڈنگ اور اختیارات کی جنگ شدت اختیار کر چکی ہے،شمبین عرف شہک بی ایل ایف کا اہم ترین کمانڈر تھا جو کئی دھشتگرد کاروائیوں میں ملوث رہا۔
ذرائع کے مطابق شمبین عرف شہک فورسز پر حملوں اور ہتھیار ڈالنے والے پرانے ساتھیوں کے قتل میں بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا،شمبین عرف شہک بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز پر کئی حملوں میں براہ راست ملوث رہا۔
ذرائع نے کہا کہ شمبین کی ہلاکت سے بی ایل ایف کے اندرونی اختلافات کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔