تازہ ترین
اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کھیلنے والے کھلاڑی بھی کئی ماہ سے تنخواہوں سے محروم
قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی کئی ماہ سے معاوضے سے محروم ہیں، ذرائع کے مطابق ہاکی فیڈریشن نے قومی کھلاڑیوں کو تاحال گزشتہ کئی ماہ کے واجبات ادا نہیں کیے، کھلاڑیوں کو اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کا معاوضہ بھی نہیں مل سکا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تاحال صرف اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کیلئے اسلام آباد میں لگنے والے کیمپ کا ڈیلی آلاؤنس اور اولمپکس کوالیفائر کے واجبات ادا کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اگست 2023 میں بھارت میں کھیلے جانے والی ایشین چیمپئنز ٹرافی کے واجبات بھی ادا کرنا باقی ہیں، کھلاڑیوں کو ایشین چیمپئنز ٹرافی کے آدھی ادائیگی کی گئیں جبکہ باقی واجبات کئی ماہ گزرنے کے بعد بھی ادا نہیں کیے جاسکے۔
ذرائع نے بتایا کہ پچھلے کئی ایونٹس کیلئے ٹیم کیمپ میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کو ڈیلی الاؤنس کی ادائیگیاں بھی نہیں کی گئیں۔اومان میں کھیلے گئے فائو سائڈ ورلڈکپ کے واجبات بھی ادا کرنا باقی ہیں۔
ذرائع نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے کھلاڑیوں کو ایشین گیمز کی ادائیگیاں کرنا بھی باقی ہیں،ملائیشیا سے واپسی پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری رانا مجاہد نے واجبات کی ادائیگی کی یقین دہانی کروائی تھی۔