ٹاپ سٹوریز
فوجی عدالتوں میں عام شہریوں کا ٹرائل کالعدم قرار دینے کے خلاف پنجاب حکومت نے بھی اپیل دائر کردی
فوجی عدالتوں میں سویلین کے ٹرائل کو کالعدم قرار دینے کے فیصلے کے خلاف پنجاب حکومت نے بھی سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی۔اپیل میں سپریم کورٹ کے فوجی عدالتوں سے متعلق فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
انٹرا کورٹ اپیل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کی جانب سے دائر کی گئی ہے، پنجاب حکومت نے انٹرا کورٹ اپیل میں موقف اختیار کیا ہے کہ معاملہ آرٹیکل 199 کے تحت ہائیکورٹ میں جانا چاہیے تھا،سپریم کورٹ نے 184(3) کے تحت اپنا آئینی دائرہ اختیار استعمال کیا۔
اپیل میں مزید کہا گیا کہ آئین اور قانون کے مطابق دیگر فورمز موجود ہوں تو 184(3) کا دائرہ اختیار استعمال نہیں کیا جاسکتا،سپریم کورٹ کا فیصلہ آئین، قانون اور حقائق کیخلاف ہے،آرمی ایکٹ کی طرز پر مختلف عدالتیں ملک بھر میں کام کررہی ہیں،فوجی عدالتیں اورعام عدالتیں 1947 سے کام کررہی ہیں،فوجی عدالتوں میں ملزمان کا ٹرائل قانون کے مطابق چلایا جاتا ہے۔