پاکستان
جسٹس بابر ستار کے گرین کارڈ سے متعلق چیف جسٹس سے خط و کتابت کا ریکارڈ فراہم کیا جائے، سینیٹر فیصل واوڈا کی درخواست
سینیٹر فیصل واوڈا نے آرٹیکل 19 اے کے تحت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار کے امریکی گرین کارڈ ہولڈر ہونے پر معلومات کی فراہمی کیلئے رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ کو درخواست دے دی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے جسٹس بابر ستار کیخلاف مہم سے متعلق پریس ریلیز جاری کی گئی تھی، جسٹس بابر ستاراوراس وقت کے چیف جسٹس کے درمیان گرین کارڈ سے متعلق ہونے والی خط و کتابت فراہم کی جائے۔
درخواست میں کہا گیا کہ پریس ریلیز میں بتایا گیا تھا کہ جسٹس بابر ستار نے جج بننے سے پہلے اپنے گرین کارڈ سے متعلق اس وقت کے چیف جسٹس کو آگاہ کردیا تھا،جسٹس بابر ستار اور اس وقت کے چیف جسٹس کے درمیان گرین کارڈ سے متعلق ہونے والی خط و کتابت فراہم کی جائے۔
سینیٹر فیصل واوڈا نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ گرین کارڈ سے متعلق خط و کتابت کو پبلک کرنے سے جسٹس بابر ستار کیخلاف پراپیگنڈا مہم ہمیشہ کیلئے دم توڑ جائے گی۔