پاکستان

سپریم کورٹ عوامی مینڈیٹ کو بلڈوز کرنے کے مذموم منصوبے کی راہ روکے، ترجمان تحریک انصاف

Published

on

ترجمان تحریک انصاف  کا کہنا ہے کہ انتخابی عمل مکمل ہونے کے 4 روز بعد بھی نتائج میں غیرقانونی ردوبدل کی کوششیں پاکستان کو عدمِ استحکام کی دلدل میں دھکیلنے اور معیشت کو موت کے گھاٹ اتارنے کا منصوبہ ہے۔

ترجمان تحریک انصاف کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا کہ آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات ملک کو بحرانوں سے نکالنے کا ناگزیر جمہوری اور دستوری رستہ تھا جسے الیکشن کمیشن اپنی مجرمانہ نااہلی اور مکروہ ایجنڈے کی بھینٹ چڑھا رہا ہے۔

پی ٹی آئی کے ترجمان نے کہا کہ عوام کی جانب سے واضح فیصلے کے بعد نہایت کمپرومائزڈ ریٹرننگ افسران کے ذریعے اکثریت کو زبردستی اقلیّت میں بدل کر جمہوریت کا قتل کیا جارہا ہے اور پورے انتخابی عمل کی ساکھ اور حیثیت خاک میں ملائی جارہی ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانبداری اور انتخابی عمل میں اس کی مجرمانہ مداخلت کے باعث پوری دنیا انتخابات کو سنگین شکوک و شبہات کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے،سپریم کورٹ انتظامی افسران کی بطور ریٹرننگ افسران تعیناتی سمیت الیکشن کمیشن کے حقیقی عزائم کے حوالے سے تحریک انصاف کے خدشات اور تحفظات کو سنجیدگی سے لیتی تو کمیشن کو عوامی مینڈیٹ کے کھلواڑ کی جرات نہ ہوتی۔

ترجمان نے کہا کہ عوام کے معاشی حالات اور ملکی معیشت عوام کی منتخب اکثریت کی بجائے ٹاؤٹوں اور بنارسی ٹھگوں کے مابین اقتدار کی بندر بانٹ کے ہرگز متحمّل نہیں،عدالتِ عظمیٰ مداخلت کرے اور عوامی مینڈیٹ کو بلڈوز کرکے عوام کے مسترد شدہ اقلیّتی گروہ کو ملک پر مسلّط کرنے کے مذموم منصوبے کی راہ روکے۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین

Exit mobile version