Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

دنیا

عرب امارات نے امریکی سربراہی میں قائم کثیرالقومی سکیورٹی اتحاد کی رکنیت چھوڑدی

Published

on

متحدہ عرب امارات نے اعلان کیا ہے کہ اس نے امریکا کی سربراہی  میں کثیرالقومی سکیورٹی فورس سے علیحدگی اختیار کر لی ہے، یہ اتحاد گلف میں جہاز رانی کے روٹس کی حفاظت کے لیے قائم کیا گیا تھا، عرب امارات کا یہ اعلان امریکا کے ساتھ بڑھتی خلیج اور دوری کا عکاس ہے۔

اماراتی وزارت خارجہ نے بدھ کے روز ایک بیان میں کہا کہ تمام شراکت داروں کے ساتھ موثر سیکورٹی تعاون کے ہمارے جاری جائزے کے نتیجے میں، دو ماہ قبل، متحدہ عرب امارات نے مشترکہ میری ٹائم فورسز میں اپنی شراکت ختم کردی ہے۔

اماراتی وزارت خارجہ کے اس بیان کو امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل میں شائع ایک رپورٹ کا ردعمل تصور کیا جا رہا ہے، اس رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ عرب امارات نے ایران کی طرف سے خلیج عمان میں دو آئل ٹینکرز قبضے میں لیے جانے پر امریکا کے کمزور ردعمل کی شکایت کی ہے۔

ایک آئل ٹینکر 27 اپریل کو پکڑا گیا تھا، یہ آئل ٹینکر کویت سے تیل لے کر ہیوسٹن جا رہا تھا۔ دوسرا آئل ٹینکر پانامہ کے جھنڈے والا تھا جو عرب امارات کے ساحلوں کے قریب سے پکڑا گیا، یہ ٹینکر دبئی سے فجیرہ جا رہا تھا، اسے 3 مئی کو ایرانی پاسداران انقلاب نے پکڑا۔

وال سٹریٹ جرنل کے مطابق ایران کے ان چھاپوں نے عرب امارات میں بے چینی محسوس کی گئی کیونکہ اس سے عرب امارات کی سمندری حدود غیر محفوظ تصور ہوسکتی ہیں۔ عرب امارات کا موقف ہے کہ وال سٹریٹ جرنل نے اماراتی اور امریکی حکام کے درمیان گفتگو کو غلط انداز سے پیش کیا۔

عرب امارات تیل کی پیداوار والا بڑا ملک ہے تاہم اس کی دولت کا راز خطے میں کاروباری سرگرمیوں کا مرکز ہونے میں ہے۔ عرب امارات ٹیکسوں کی جنت ہے جہاں یورپی، روسی اور بھارتی کاروباری کمپنیاں اور ورکر کام کرتے ہوئے خوشی محسوس کرتے ہیں۔

عرب امارات کا یہ ماڈل سکیورٹی پر منحصر ہے، سکیورٹی اور استحکام ہی امارات کے کاوباری مرکز ہونے کی بنیادی وجہ ہیں، وانگٹن اور عرب امارات دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اتحادی ہیں لیکن حالیہ برسوں میں تعلقات میں تناؤ آیا ہے، ابوظہبی چین اور روس کے قریب ہوا ہے اور امریکا یوکرین جنگ کے بعد روس پر عائد پابندیوں کی خلاف ورزی پر تحفظات رکھتا ہے۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین