تازہ ترین
ڈیجیٹل دہشتگردی کی مذموم کوششیں ہو رہی ہیں، اداروں کے درمیان خلیج چاہنے والوں کو مایوسی ہوگی، آرمی چیف
پاکستان کے کے 77 ویں یوم آزادی کے موقع پر پاکستان ملٹری اکیڈمی کا کول میں آزادی پریڈ کا انعقاد کیا گیا،چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر تقریب کے مہمان خصوصی تھے،پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کیڈٹس کا مخصوص انداز میں ڈرل پریڈ کی مہارت کا مظاہرہ کیا،پاک سرزمین اور مادر وطن کے شہدا کو خصوصی خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
تقریب کے آغاز پر بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی تقریر سنائی گئی،لیزر شو کے ذریعے تعمیر پاکستان اور جدوجہد آزادی کے مناظر دکھائے گئے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نااتفاقی اور انتشار ملک کو اندر سے کھوکھلا کرکے بیرونی جارحیت کی راہ ہمور کرتے ہیں۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ہمارے قومی شعور کی بنیاد نظریہ پاکستان ہے، یوم آزادی کے موقع پر تمام اہل وطن کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کا مقصد صرف جغرافیائی خطے کا حصول نہ تھا، ملک کے حصول میں ہمارے اسلاف نے بے شمار قربانیاں پیش کیں۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ اللّٰہ نے ہمت و حوصلہ دیا کہ اس خطے کی حفاظت کرسکیں، آزاد فضاؤں میں زندگی بسر کرنا شہدا کی قربانیوں کا ثمر ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی مشکل نے ہمارے عزم اور ارادے کو کمزور نہیں کیا، ہم ہر مشکل کے بعد اور مضبوط بن کر ابھرے۔
آرمی چیف نے کہا کہ افواج پاکستان کو کمزور کرنا پاکستان کو کمزور کرنے کے مترادف ہے، کسی قیمت پر اپنی قربانی کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔
آرمی چیف نے کہا کہ کوئی منفی طاقت ہمارے اتحاد کو کمزور نہیں کر سکتی،ہم آئین اور شریعت نہ ماننے والوں کو پاکستانی نہیں مانتے،افواج پاکستان کو کمزور کرنا ملک کو کمزور کرنے کے مترادف ہے۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ نااتفاقی اور انتشار ملک کو اندر سے کھوکھلا کر دیتے ہیں کسی قیمت پر بھی اپنی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے ،پاکستان کا مستقبل روشن اور تابناک ہے ،ڈیجیٹل دہشت گردی کی مذموم کوشش ہو رہی ہے ،اداروں کے درمیان خلیج پیدا کرنے والے عناصر کو مایوسی ہو گی۔
آرمی چیف نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں۔