Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

ٹاپ سٹوریز

تاثر ہے سپریم کورٹ باہر سے کنٹرول ہو رہی ہے، اب عدالتیں ایسے نہیں چلیں گی، چیف جسٹس

Published

on

سپریم کورٹ نے سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کی نظرثانی درخواست واپس لینے کی بنیاد پرخارج کر دی۔

فیض آباد دھرنا کیس میں عدالتی فیصلے پر عملدرآمد سے متعلق سماعت چیف جسٹس پاکستان قاضی فائزعیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔جسٹس امین الدین خان اور جسٹس اطہر من اللّٰہ سپریم کورٹ بینچ میں شامل ہیں۔

چیف جسٹس نے شیخ رشید سے سوال کیا کہ آپ نے نظرِ ثانی دائر کیوں کی تھی؟

شیخ رشید کے وکیل نے کہا کہ شیخ رشید  خود عدالت میں بیٹھے ہیں، ایجنسیوں کی رپورٹ سے کچھ غلط فہمیاں ہوئیں جس پر نظرِ ثانی دائر کی۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ پاکستان مذاق تو نہیں ہے، اس ملک کو مذاق نہ بنایا جائے کہ جو دل چاہے کریں، پورے ملک کو نچوایا پھر اوپر سے حکم آیا تو نظرِ ثانی واپس لینے کا کہہ دیا، نظرِ ثانی دائر کرنا تو ٹھیک ہے مگر 4 سال بعد واپس لینا عجیب فیصلہ ہے، ججز سمیت سب لوگ قابل احتساب ہیں، ایسا تاثر ہے کہ سپریم کورٹ بھی باہر سے کنٹرول ہو رہی ہے، کہا جاتا ہے کہ فلاں کیس میں فلاں فیصلہ ہو گا، عدالت میں سچ کوئی نہیں بولتا کہ کس کے کہنے پر نظرِ ثانی درخواست کی، نفرتیں پھیلا کر پھر لوگ خود پیچھے ہٹ جاتے ہیں، سڑکیں بند کرنے اور املاک جلانے والوں کو ہیرو کہا جاتا ہے، پہلے دھرنے کے حق میں بیانات دیے، اب عدالت آکر کہہ رہے ہم  کیس نہیں چلانا چاہتے۔

چیف جسٹس نے سوال کیا کہ کیا ملک کی مزید خدمت کریں گے اگر موقع ملا تو؟

شیخ رشید جواب دینے کے لیے روسٹرم کی طرف بڑھے تو چیف جسٹس نے روکتے ہوئے کہا کہ ہم آپ سے نہیں آپ کے وکیل سے بات کر رہے ہیں، آپ پھر سے عوام کی خدمت کریں گے یا گھر بیٹھ کر اللّٰہ اللّٰہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے؟یہاں کیس مقرر ہونا بھی ایک فیصلہ ہوتا ہے، میں تو سمجھتا ہوں سب سے زیادہ قابل احتساب ہم ہیں، یہاں یہ بھی فیصلہ ہوتا ہے کہ کون سا کیس مقرر ہونا ہے اور کون سا دبانا ہے، یہاں یہ طے کیا جاتا ہے کہ آج درخواست آئی ہے توکل مقرر کرنی ہے، عدالتیں اب ایسے نہیں چلیں گی۔

شیخ رشید کے وکیل نے کہا کہ آج کل تو عدالتوں کا یہی حال ہے۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ آج کل نہیں، یہ مارچ 2018ء کی بات ہورہی ہے، فیصلوں سے پہلے بھی فیصلے ہوتے ہیں؟ جو یہ سمجھا جاتا ہے عدالتیں کنٹرول ہو رہی تھیں، یہ کیس اس کی سب سے بڑی مثال ہے، معلوم سب کو ہے کہ کون سب کچھ کر رہا تھا لیکن نام لینے کی ہمت کسی میں نہیں، ملک کی دنیا میں جگ ہنسائی کا سامان بنا دیا گیا، ملک کا دشمن کوئی بیرونی نہیں، ملک کے اندر سب خود ہی دشمن ہیں، کس کے کہنے پر نظرِ ثانی دائرکی تھی بتائیں؟

جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا کہ شیخ رشید کا نام آئی ایس آئی کی رپورٹ میں تھا، شیخ رشید خود پارلیمنٹیرین تھے، کیوں آئی ایس آئی کے خلاف کارروائی نہیں کی؟

اٹارنی جنرل نے انکوائری کمیشن کا نوٹیفکیشن سپریم کورٹ میں پیش کرتے ہوئے کہا کہ انکوائری کمیشن فیض آباد دھرنے کے محرکات کی تحقیقات کرے گا۔

چیف جسٹس نے سوال کیا کہ انکوائری کمیشن میں وزارت دفاع کے کسی نمائندے کو کیوں شامل نہیں کیا گیا؟ حکومتی کمیشن یا تو آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے ہے یا پھر نئی تاریخ لکھے گا، ہمیں اُمید ہے انکوائری کمیشن آزادانہ اور شفاف تحقیقات کرے گا، ٹی او آرز میں یہ کیوں نہیں کہ کیسے ایک ساتھ 9 نظرِ ثانی درخواستیں دائر کی گئیں؟

سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کو انکوائری کمیشن کے ٹی او آرز میں ایک اضافہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ٹی او آرز میں لیں کہ ایک ساتھ نظرِ ثانی درخواستیں دائر ہونا حادثہ تھا یا کسی ہدایات پر ہوا؟

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ ہم کسی پر انگلی نہیں اٹھائیں گے، اُمید پر دنیا قائم ہے، ہم بھی اُمید پر بیٹھے ہیں، انکوائری کمیشن اپنا کام مکمل کر لے پھر کوئی رائے دی جاسکتی ہے۔

 سابق چیئرمین پیمرا ابصار عالم نے کہا کہ انکوائری کمیشن سے متعلق کچھ کہنا چاہتا ہوں، کمیشن میں شامل سابق سرکاری افسران سابق ڈی جی آئی ایس آئی یا سابق چیف جسٹس کو کیسے طلب کر سکیں گے؟

چیف جسٹس نے ابصار عالم سے مکالمہ کرتے ہوئے پوچھا کہ آپ کے اس خدشے کی بنیاد کیا ہے؟

ابصار عالم نے کہا کہ میرے اس خدشے کی بنیاد اس ملک کے زمینی حقائق ہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ابصار عالم صاحب کمیشن پر ابھی سے خدشات کا اظہار نہ کریں، انکوائری کمیشن کو اپنا کام کرنے دیں، آپ نے سابق وزیرِ اعظم، آرمی چیف اور چیف جسٹس کو خط لکھا تھا، انکوائری کمیشن کے پاس اختیار ہے کہ وہ سب کو بلا سکتا ہے، کمیشن کو سابق آرمی چیف، وزیرِ اعظم اور چیف جسٹس کو بلانے کا بھی اختیار ہو گا۔

جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا کہ کمیشن کے پاس طلبی پر پیش نہ ہونے والوں کو گرفتار کرنے کا بھی اختیار ہو گا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ پوری قوم کو اُمید ہے کہ انکوائری کمیشن توقعات پر پورا اترے گا، توقع ہے کمیشن قوم اور ابصارعالم کی توقعات پر پورا اترے گا۔

سابق چیئرمین پیمرا ابصار عالم نے کہا کہ عدالت نے کچھ ریمارکس دیے تھے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ریمارکس کو چھوڑیں، ہمارا آرڈر پڑھا کریں وہی اصل بات ہوتی ہے، بہت سے سوال اور باتیں عدالت معاملہ سمجھنے کے لیے کرتی ہے۔

جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا کہ وزیرِ اعظم آفس سے نکالے جانے والے کہتے ہیں ہم بے اختیار تھے، وزیرِ اعظم آرمی چیف کے خلاف کارروائی کر سکتے ہیں۔

سپریم کورٹ نے فیض آباد دھرنا نظرِ ثانی کیس کی سماعت22 جنوری 2024 تک ملتوی کردی۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین