پاکستان
مقامی حکومتوں کے لیے کسی معاہدے کی ضرورت نہیں، ترامیم کی ضرورت پڑی تو سندھ اسمبلی کرے گی، مراد علی شاہ
وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے کہا ہے کہ سینیٹ میں ہماری 2 نشستیں خالی ہوئی ہیں،جام سیف اللہ دھاریجو اور اسلم ابڑو کو سینیٹ سیٹ کیلئے نامزد کیا ہے،پیپلز پارٹی یہ دونوں نشستیں آسانی سے جیت جائےگی،9 مارچ کو صدر پاکستان کے انتخاب کیلئے الیکشن ہوگا،آصف زرداری کو پیشگی مبارکباد دینا چاہتا ہوں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے سینیٹ کے ضمنی الیکشن کے لیے پارٹی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں بااختیار مقامی حکومتیں موجود ہیں،مقامی حکومتوں کو مؤثر بنانے کیلئے ترامیم کی ہیں،پنجاب میں تو مقامی حکومتیں موجود ہی نہیں،مقامی حکومتوں کے نظام میں مزیدبہتری لانےکیلئے تیار ہیں،ہمارے میئرز اپنے،اپنے شہروں میں کام کررہے ہیں، جتنی بھی ترامیم ہوں گی وہ سندھ اسمبلی کرے گی۔
وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ نے کہا کہ مقامی حکومتوں میں بہتری کی گنجائش ہے تو ہم کریں گے،پارٹی قیادت سے صلاح مشورے کے بعد کابینہ تشکیل دیں گے،مسلم لیگ (ن) کا سندھ اسمبلی میں ایک بھی نمائندہ نہیں،لوکل گورنمنٹ صوبائی سبجیکٹ ہے،قانون ہم بنائیں گے،مزید بہتری کی ضرورت ہوگی تو کریں گے کسی معاہدے کی ضرورت نہیں،ایم کیو ایم سندھ میں اسٹیک رکھتی ہے ان سے بات کریں گے،سنی اتحاد کونسل اور جماعت اسلامی سے بھی بات کریں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ لیڈر شپ کا فیصلہ ہے وفاقی کابینہ کا حصہ نہیں بنیں گے،آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی قیادت میں 10 نکات پر کام کریں گے۔