تازہ ترین
غیرقانونی طور پر رکن بننے والوں کو حلف نہیں لینے دیں گے، علی امین گنڈا پور
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ غیر قانونی طور پر ارکان بننے والوں کو حلف نہیں لینے دیں گے،کسی صورت اپنے آئینی حقوق پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے پشاور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے،آئین کی پاسداری پاکستان کے رہ شہری پر فرض ہے،ملک میں بار،بار آئین کو توڑا جارہا ہے،آئین میں 90 روز میں انتخابات کرانا ہوتا ہے،نہیں کرائے گئے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پی ٹی آئی کے انٹراپارٹی الیکشن کو متنازعہ بناکرنشان چھین لیا گیا،پی ٹی آئی سے مخصوص نشستیں چھین لی گئیں،یہ پورا نظام ایک روز بے نقاب ہوگا،کس طرح سے ہماری سیٹیں کسی اور جماعت کو دیدی گئیں؟
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ واضح طور پر کہہ رہا ہوں ہم اس چیز کا مقابلہ کریں گے،ہم آخری حد تک جائیں گے،غیر قانونی طور پر ارکان بننے والوں کو حلف نہیں لینے دیں گے،کسی صورت اپنے آئینی حقوق پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ آئین کے تحفظ کیلئے ہر اقدام کریں گے،آج غیر قانونی کیسز میں بانی پی ٹی آئی جیل میں ہیں،9 مئی پر جوڈیشل کمیشن کیوں نہیں بنایا گیا؟سائفر پر ابھی تک کیوں جوڈیشل کمیشن نہیں بنایا گیا؟6 ججز کے خط پر فل کورٹ کیوں نہیں بنایا جارہا؟
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے زور دے کر کہا کہ ہم غیر قانونی لوگوں کو حلف نہیں اٹھانےدیں گے،پارلیمانی پارٹی اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق قراردادپاس کریں گے،پیچھے نہیں ہٹیں گے اور بھرپور مقابلہ کریں گے۔