ٹاپ سٹوریز

پاک فوج کو برا بھلا کہنے والوں کی 8 فروری کو ہوا نکل جائے گی، ایکس سروس مین سوسائٹی

Published

on

صدر ایکس سروس مین سوسائٹی جنرل ریٹائرڈ عبدالقیوم کا کہنا ہے کہ پاک فوج کو برا کہنے والے پاکستان کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔ بھارت اور اسرائیل سے پیسے لے کر کچھ لوگ پاکستان اور باہر سے فوج کیخلاف زہریلا پروپیگنڈا کررہے ہیں، فوج کے خلاف سوشل میڈیا پر بات کرنے والوں کی ہوا 8 فروری کو نکل جائے گی۔

راولپنڈی پریس کلب میں ایڈمرل ریٹائرڈ عبدالعلیم، ایئر کموڈور ریٹائرڈ ارشد محمود خان، جنرل ریٹائرڈ کمال اکبر و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل ریٹائرڈ عبدالقیوم کا مزید کہنا تھا کہ بھارت نے آج تک کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی کسی قرارداد پر عمل نہیں کیا، بھارت اپنی فوج کے ذریعے آزادی کشمیر کی تحریک کو دبانے کی کوششیں کر رہا ہے، چند ممالک کو ویٹو کا حق دے کر اقوام متحدہ کے ہاتھ بھی باندھ دیئے گئے ہیں، اسرائیل اور امریکہ اپنی رعونت کی وجہ سےفلسطین کی آزادی نہیں چاہتا، بھارت میں چھ سو سال پرانی مسجد گرا دی کسی نے آواز تک نہیں اٹھائی، بھارت نے نہایت بے شرمی کے ساتھ پاکستان کو ایف اے ٹی ایف میں رکھنے کی کوشش کی، بھارت کو کیسے یہ حق حاصل ہے کہ وہ بلوچستان کے لوگوں کو بھڑکائے۔

جنرل ریٹائرڈ عبدالقیوم نے کہا کہ طاقتور ممالک جب چاہتے ہیں ڈرون سے کسی بھی ملک پر حملہ کر دیتے ہیں، جارحیت کرکے پھر اقوام متحدہ سے جا کر کلین چٹ بھی لے لیتے ہیں، اقوام متحدہ جب تک بین الااقوامی سطح پر انصاف نہیں کرے گا، دنیا میں امن نہیں ہوسکتا، کشمیر سوئیٹزر لینڈ سے زیادہ اہمیت کا حامل خطہ ہے، افواج پاکستان کے پاس ہر قسم کی ٹیکنالوجی ہے مگر ہمارا جذبہ جہاد سب سے بڑا ہے۔

جنرل ریٹائرڈ عبدالقیوم نے کہا کہ ایک سروے کے مطابق 74 فیصد عوام افواج پاکستان کے ساتھ ہے مگر میں کہتا ہوں کہ سو فیصد عوام افواج پاکستان کے ساتھ ہے، سوشل میڈیا پر چند لوگ الیکشن کے حوالے سے بھی فوج کے خلاف پروپیگنڈا کررہے ہیں، کسی میں ہمت نہیں کے فوج سے نبرد آزما ہو یہ پہلے بھی ناکام کوشش کرچکے ہیں۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین

Exit mobile version