پاکستان
جو سمجھتے ہیں پولیو قطرے پلانا غیرشرعی ہے، ایسے لوگ بدبخت ہیں، وزیراعظم
نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ جو یہ سمجھتےہیں پولیو قطرے پلانا غیر شرعی ہے، ایسے لوگ بدبخت ہیں۔
قومی علماء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ قرآن وحدیث ہماری بہترین رہنمائی کا ذریعہ ہیں، قرآن و سنت کی روشنی میں ہم نے اجتماعی فیصلے کرنے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کے روشن مستقبل کے لیے صحت مند زندگی ان کا حق ہے، اجتماعی مسائل پر امت کا اجماع خوش آئند ہے، جو یہ سمجھتے ہیں پولیو قطرے پلانا غیر شرعی ہے، ایسے لوگ بدبخت ہیں، علمائے کرام ان بدبختوں کے خلاف ہمارے ساتھ کھڑے ہوں۔
انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ انسداد پولیو کے خلاف جھوٹی خبروں کا خاتمہ ضروری ہے، مسلمان معقولیت پر یقین رکھتا ہے، قرآن پاک یہ حکم دیتا ہے کسی بھی بات کی تحقیق ضروری ہے۔
نگراں وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں قرآن پاک کے رہنما اصولوں سے رہنمائی لینی اور پولیو قطروں سے متعلق ہمیں اس حقیقت کا ادراک کرنا ہے، البتہ وقت کے فتنے کے سامنے کھڑا ہونے میں ہی ہماری بقاء ہے۔