پاکستان
آج کوئی لانگ مارچ نہیں، کسی عدم اعتماد کا بھی خطرہ نہیں، بلاول بھٹو زرداری
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آج کوئی لانگ مارچ نہیں اور ناہی کوئی عدم اعتماد نظر آرہا ہے،جب بھی صوبائی، وفاقی حکومت مل کر فیصلے کرتے ہیں تو نتیجہ اچھا نکلتا ہے، وفاقی حکومت بلوچستان اور سندھ میں ٹیوب ویل کو سولرائزڈ کرنے جارہی ہے۔
سندھ حکومت کی طرف سے سولر پینلز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم نے تھرکول میں سستی بجلی پیدا کی،وفاق سے مہنگی بجلی ملتی ہے، خواہش ہے بجلی براہ راست سندھ حکومت عوام کو دے، جب کسی پالیسی پر عمل ہوتا ہے تو ایک دم سے نہیں ہوجاتا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم اپنے بجٹ اور وسائل کے مطابق آج سولر ہوم سسٹم دے رہے ہیں،لاڑکانہ کے عوام سے سولر پروگرام شروع کررہے ہیں،200 سے کم یونٹ بجلی استعمال کرنے والوں کو سبسڈی دی جارہی ہے،200 یونٹ سے کم بل پر 14 روپے فی یونٹ ادا کرنا ہوتا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وفاق کا بجلی کا نظام تباہ ہے بلکہ وفاق کا ہر ادارہ اپنا کام نہیں کرسکتا،ایف بی آر بھی اپنا کام ٹھیک سے نہیں کرپارہا،ہماری سوچ تھی بڑے پیمانے پر سولر، گرین انرجی پارک کی طرف جائیں،اس وقت 3 گرین انرجی پارک منصوبے شروع ہورہےہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب میں بجلی بلوں کے ریلیف پر بات کرتے ہوئے کہا کہ (ن) لیگ نے بجلی سستی کرنے کا اعلان کیا،وزیراعظم سے کہا جس منصوبے کا اعلان ہوا وہ میری سمجھ سے باہر ہے،میں نے وزیراعلیٰ سندھ کو کہا وفاق کے نمائندے سے ملیں،ہم مستقل حل چاہتے ہیں جس سے غریب ترین طبقے کو ریلیف پہنچاسکیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو 2 ماہ کے چکر میں 12 ماہ کی تکلیف ملتی ہے،آج کوئی لانگ مارچ نہیں اور ناہی کوئی عدم اعتماد نظر آرہا ہے،جب بھی صوبائی، وفاقی حکومت مل کر فیصلے کرتے ہیں تو نتیجہ اچھا نکلتا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان اور سندھ میں ٹیوب ویل کو سولرائزڈ کرنے جارہی ہے،یہ بہت اچھا منصوبہ ہے، اس سے عوام کو مہنگائی سے ریلیف پہنچاسکتے ہیں۔