ٹاپ سٹوریز

ترکی سی پیک میں شامل ہو جائے، دفاعی تعاون کو بھی فروغ دیں، وزیراعظم شہباز شریف کی پیشکش

Published

on

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو وسعت دینے اور ترکیہ کو سی پیک میں شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہےکہ سی پیک ایک گیم چینجر منصوبہ ہے جس پر تیزی کے کام ہو رہا ہے، وقت کا تقاضا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ سٹریٹیجک تعاون کو مزید وسعت دیں، ملجم کلاس کورویٹ منصوبہ دونوں ممالک کے قریبی تعلقات کی عمدہ مثال ہے، حکومت پاک بحریہ کی دفاعی ضروریات پوری کرنے کے لئے تمام اقدامات کرے گی۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے بدھ کو پی این ایس طارق ملجم کلاس کارویٹ جنگی جہاز کو پاک بحریہ کے بیڑے میں شامل کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ترک نائب صدر جودت یلماز مہمان اعزاز تھے۔ تقریب میں وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر ، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی ، گورنر سندھ کامران ٹیسوری، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل امجد نیازی سمیت اعلیٰ سول و فوجی حکام نےشرکت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات تاریخی اور مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں اور دونوں ممالک گہرے ، قریبی ، تاریخی اور مذہبی رشتے میں منسلک ہیں۔ ہمارا ورثہ اور تہذیب مشترک ہے۔ مختلف علاقائی اور بین الاقوامی امور پر دونوں ممالک کے خیالات یکساں ہیں۔ قیام پاکستان کے وقت پاکستان کے عوام نے تحریک خلافت کی بھرپور حمایت کی ۔

وزیراعظم نے کہا کہ پی این ایس طارق کی لانچنگ پر تمام متعلقہ افراد کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ چوتھا بحری جہاز ہے جو پاکستان اور ترکیہ نے مل کر تیار کیا ہے۔ 2010 میں پاکستان میں جب شدید سیلاب آیا تو ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نےپاکستان کا دورہ کیا ۔ یہاں پر رجب طیب اردوان ہسپتال اور ان کی اہلیہ کے نام پر سکول تعمیر کئے گئے ۔زلزلہ اور دیگر قدرتی آفات میں ترکیہ نے اپنے پاکستانی بھائیوں کی بھرپور مدد کی۔ دونوں ممالک کے ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہیں۔ پاکستان اور ترکیہ کی دوستی اور بھائی چارہ مثالی ہے۔ پاکستان اور ترکیہ ملجم کلاس کارویٹ منصوبہ دونوں ممالک کے قریبی تعلقات کی عمدہ مثال ہے۔یہ منصوبہ بھی دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا۔ دونوں ممالک کی خوشحالی کا سفر اسی طرح جاری رہے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ صدر طیب اردوان نےترک عوام کی بھرپور خدمت کی ہے اور وہ اپنے عوام کی بہبود کے لئے بے پناہ کام کررہے ہیں جس کی عکاسی حالیہ صدارتی انتخاب کے نتائج سے ہوئی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کراچی پورٹ اور گوادر پورٹ کو آپس میں ملانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ سی پیک اس سلسلہ میں انتہائی اہمیت ہے جس کے دوسرے مرحلے میں ہم داخل ہو رہے ہیں۔ جس کے تحت گرین کوریڈور، بزنس کوریڈور ، اکنامک زون کوریڈور اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کوریڈور زون بنائے جائیں گے۔ ہم صدر طیب اردوان سے بھی اس پر بات کرچکے ہیں اور اس دعوت کی تجوید کرتےہیں کہ ترکی بھی مشترکہ ترقی اور خوشحالی کے اس منصوبے میں شامل ہو۔ گوادر کو ہم نے ایک اہم تجارتی مرکز بنانا ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ سی پیک ایک گیم چینجر منصوبہ ہے جس پر تیزی کے کام ہو رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ پاکستان ترکی سٹریٹیجک تعاون کو مزید فروغ دے۔ ملک کے عوام اور تمام متعلقہ فریقین کی طرف سے اس منصوبے کو کامیاب بنانے والوں کی کاوشوں کو سراہتےہیں اور تاریخ اس محنت کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ ہماری بری ، بحری اور فضائی سرحدوں کو محفوظ بنانے میں کارکنوں اور ماہرین کی کاوش کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور اسے سنہری حروف میں لکھا جائے گا ۔

وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں اپنی بالا دستی قائم رکھنے والوں کی کوشش کو ناکام بنانے کے لئے پاک بحریہ کی صلاحیت کو مزید بڑھایا جائےگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاک بحریہ کی دفاعی ضروریات پوری کرنے کے لئے تمام اقدامات کرے گی۔ وزیراعظم نے ملجم کلاس کارویٹ کی تیاری میں حصہ لینے والے کارکنوں اور ماہرین کے لئے 20 کروڑ روپے کا اعلان کیا اور کہا کہ ہمیں پچھلے ایک سال میں شدید مالی چیلنجوں کا سامنا رہا ہے اور اس کا سب سے زیادہ بوجھ ملک کے عوام پر پڑا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بیرونی کساد بازاری ، تیل کی درآمد، مہنگائی اور اشیا کی قیمتوں میں اضافہ اس کا بنیادی سبب ہے لیکن اس منصوبے میں حصہ لینے والے کارکنوں اور ماہرین کی کاوش کو تسلیم کرتےہوئے اور ان کا حوصلہ بڑھانے کے لئے مالی مشکلات کے باوجود ان کے لئے 20 کروڑ روپے کا تحفہ لایا ہوں۔ آپ پاکستان کے عظیم معمار ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ یہ 20 کروڑ روپے منصفانہ طریقے سے اس منصوبے کے کارکنوں اور ماہرین میں تقسیم کئے جائیں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئےپاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل امجدنیازی نے کہا کہ دونوں ممالک کے مشکل وقت میں ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ پی این ایس طارق کی لانچنگ پر انجینئر اور ماہرین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ پی این ایس طارق کی شمولیت بحری صلاحیت میں بہترین اضافہ ہے ۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین

Exit mobile version