ٹاپ سٹوریز

جلاؤ گھیراؤ منصوبہ بندی سے لیڈرشپ کے حکم پر ہوا، شرپسندوں کی شناخت کرلی، پاک فوج

Published

on

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے منگل کو تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان کی گرفتاری اور اس کے ردعمل میں ہونے والے احتجاج پر کہا ہے کہ نو مئی کا دن ایک سیاہ باب کی طرح یاد رکھا جائے گا۔

آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو نیب کے اعلامیہ کے مطابق کل اسلام آباد ہائی کورٹ سے قانون کے مطابق حراست میں لیا گیا- اس گرفتاری کے فوراً بعد ایک منظم طریقے سے آرمی کی املاک اور تنصیبات پر حملے کرائے گئے اور فوج مخالف نعرے بازی کروائی گئی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک طرف تو یہ شرپسند عناصرعوامی جذبات کو اپنے محدود اور خود غرض مقاصد کی تکمیل کے لیے بھرپور طور پر ابھارتے ہیں اور دوسری طرف لوگوں کی آنکھوں میں دھول ڈالتے ہوئے ملک کے لیے فوج کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتے نہیں تھکتے جو کہ دوغلے پن کی مثال ہے۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ جو کام ملک کے ابدی دشمن 75 سال میں نہ کر سکے وہ اقتدار کی ہوس میں مبتلا سیاسی لبادہ اوڑھے ہوئے اس گروہ نے کر دکھایا ہے۔فوج نے انتہائی تحمل، بردباری اور برداشت کا مظاہرہ کیا اور اپنی ساکھ کی بھی پرواہ نہ کرتے ہوئے ملک کے وسیع تر مفاد میں انتہائی صبر اور برداشت سے کام لیا۔’مذموم منصوبہ بندی کےتحت پیدا کی گئی اِس صورتحال سے یہ گھناؤنی کوشش کی گئی کہ آرمی اپنا فوری ردِعمل دے جس کو اپنے مذموم سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکے۔ آرمی کے میچور ریسپانس نے اس سازش کو ناکام بنا دیا۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمیں اچھی طرح علم ہے کہ اس کے پیچھے پارٹی کی کچھ شرپسند لیڈرشپ کے احکامات، ہدایات اور مکمل پیشگی منصوبہ بندی تھی اور ہے۔جو سہولت کار، منصوبہ ساز اورسیاسی بلوائی ان کاروائیوں میں ملوث ہیں ان کی شناخت کر لی گئی ہے اور ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی اور یہ تمام شرپسند عناصر اب نتائج کے خود ذمہ دار ہوں گے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فوج بشمول تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے، فوجی و ریاستی تنصیبات اور املاک پر کسی بھی مزید حملے کی صورت میں شدید ردعمل دیا جائے گا جس کی مکمل ذمہ داری اسی ٹولے پر ہو گی جو پاکستان کو خانہ جنگی میں دھکیلنا چاہتا ہے اور برملہ و متعدد بار اس کا اظہار بھی کرچکا ہے۔ کسی کو بھی عوام کو اکسانے اور قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین

Exit mobile version