ٹاپ سٹوریز

پاکستان کے ساتھ جمہوری، خوشحالی پر مبنی شراکت چاہتے ہیں، امریکی وزیر خارجہ کا بلاول کو فون

Published

on

امریکہ کے وزیرِ خارجہ اینٹونی بلنکن نے پاکستان کے وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے فون پر بات کرتے ہوئے پاکستان کی ’معاشی بحالی‘ میں امریکی معاونت کے حوالے سے بات کی ہے اور ’افغانستان سمیت خطے کے دیگر خدشات‘ پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

پیر کی رات گئے ایک ٹویٹ میں انٹونی بلنکن کا کہنا تھا کہ ’امریکہ پاکستان کے ساتھ معنی خیز، جمہوری اور خوشحالی پر مبنی شراکت کا خواہاں ہے۔‘

پاکستان کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے منگل کی صبح جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بلنکن اور بلاول نے پاکستان امریکہ تعلقات میں ’مثبت سمت‘ پر اتفاق کیا اور اتفاق کیا کہ اس بارے میں آئندہ بھی بات چیت کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ امن، سکیورٹی اور ترقی کے حوالے سے پیش رفت ہو سکے۔‘

امریکہ محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے ایک اعلامیے میں بتایا ہے کہ ’سیکریٹری بلنکن نے امریکہ کی پاکستان کے لوگوں کے ساتھ تعاون پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان کا معاشی اعتبار سے کامیاب ہونا امریکہ کی سب سے اہم ترجیح ہے۔‘

بلنکن کی جانب سے آئی ایم ایف کے اسلام آباد سے معاہدے کی منظوری کو خوش آئند قرار دیا ہے اور ’معاشی بحالی اور خوشحالی کے حوالے سے اصلاحات کو فروغ دینے پر زور دیا ہے۔‘

امریکی وزیرِ خارجہ نے یہ بھی نوٹ کیا کہ پاکستان کے لوگ دہشتگرد حملوں میں بری طرح متاثر ہوئے ہیں اور ’امریکہ پاکستان کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خلاف کارروائی میں شراکت دار رہے گا۔‘

خیال رہے کہ یہ فون کال ارمیکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے چیف جنرل مائیکل ایرک کریلا کی آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے ساتھ ملاقات کے بعد ہوئی ہے جس میں انھوں نے پاکستان کی جانب سے خطے میں امن اور استحکام کے جاری کوششوں کو سراہا ہے۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل کریلا نے جنرل عاصم منیر سے راولپنڈی میں ملاقات کی ہے۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین

Exit mobile version