تازہ ترین

ہمارے سامنے کانٹوں بھرا طویل سفر ہے،، نواز شریف، زرداری نے کبھی ملکی مفاد کے خلاف بات نہیں کی، وزیراعظم شہباز شریف

Published

on

نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے اپنی سیاست قربان کرکے ملک بچایا، ہم نے صبر و تحمل سے کام لیا، کبھی بدلے کی سیاست کا نہیں سوچا، نوازشریف اورآصف زرداری نے پاکستان کے مفاد کے خلاف کبھی بات نہیں کی۔

وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد ایوان سے پہلے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ قائد نوازشریف نے مجھے اس منصب کے لیے نامزد کیا، آصف زرداری، بلاول بھٹو اور خالد مقبول صدیقی کا شکریہ ادا کرتا ہوں، شجاعت حسین ،سالک حسین ،عبدالعلیم خان اورخالد مگسی کا بھی مشکور ہوں۔

شہبازشریف نے کہا کہ میرے قائد نوازشریف 3 بار وزیراعظم پاکستان منتخب ہوئے، نوازشریف کی لیڈر شپ میں پاکستان میں ترقی و خوشحالی کا انقلاب آیا، نوازشریف معمار پاکستان ہیں، 20،20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نوازشریف کے دور حکومت میں ختم ہوئی، پاکستان میں ایٹمی قوت کی بنیاد رکھی۔

نومنتخب وزیراعظم نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی خدمات کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی، شہید بینظیر بھٹو نے جمہوریت، قانون اور انصاف کے لیے جان کا نذرانہ پیش کیا، نواز شریف کو اس بات کی سزا دی گئی کہ انہوں نے پورے ملک میں ترقی و خوشحالی کے مینار قائم کیے، قائد ن لیگ کی تمام عوامی منصوبوں پر تختیاں لگی تھیں، نوازشریف کی حکومت کا 3 بار تختہ الٹا گیا، کیسز بنے، جلا وطنی پر مجبور کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ نہ نواز شریف، نہ آصف زرداری، نہ بلاول نے پاکستان کے مفاد کے خلاف بات کی نہ سوچا، آصف زرداری اور بلاول بھٹو پر مظالم کے پہاڑ توڑے گئے، جب بے نظیر شہید ہوئیں تو آصف زرداری نے کہا پاکستان کھپے، ان کی باری آئی تو انہوں نے اپوزیشن کو سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا، ڈنکے کی چوٹ پر کہتا ہوں نوازشریف کی لیڈر شپ میں ترقی ہوئی، ہم نے کبھی بدلے کی سیاست نہیں کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے پاکستان کے خلاف اور افواج کے خلاف زہر اگلا، 9 مئی کو اداروں پر حملے کیے گئے، جی ایچ کیو پر حملہ کیا گیا۔ 2 صوبوں کے وزیروں کو کہا گیا آئی ایم ایف سے کہو پاکستان کی مدد نہیں کرنی، نواز شریف، زرداری، بلاول، خالد مگسی نے کہا سیاست قربان ہو لیکن ہم اپنا کردار ادا کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کل محصولات کا تخمینہ 12 ہزار 300 ارب روپے ہے، صوبوں کو تقسیم کرنے کے بعد 7 ہزار 300 ارب بچتے ہیں، سود کی ادائیگی 8 ہزار ارب ہے، 700 ارب روپے کا پہلے دن سے خسارہ ہے۔ ہمارے پاس 2 راستے تھے، ملک بچائیں یا سیاست، ایک اور کانٹوں بھرا چیلنج بجلی کی قیمتوں میں اضافوں کا ہے، نظام میں انقلابی تبدیلیاں لانی ہوں گی، قرضوں کی زندگی سے جان چھڑالیں، محکوم قوم کے بجائے سر اٹھاکر زندگی گزاریں، بجلی کا گردشی قرضہ 2300 ارب تک پہنچ چکا ہے، ہم مل کر پاکستان کو عظیم بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے سامنے کانٹوں بھرا طویل راستہ ہے، چاروں صوبوں میں کارخانوں کا جال بچھا سکتے ہیں، سبسڈی کھاد فیکٹریوں کے بجائے براہ راست کسان کو دیں گے، چھوٹے کسانوں کے لیے سولر ٹیوب لائیں گے، بیج مافیا کو ہمیشہ کے لیے ختم کردیا جائے گا، دنیا سے اعلیٰ بیج منگوائے جائیں گے۔

شہبازشریف نے مزید کہا کہ قابل اور ہونہار بچوں اور بچیوں کے لیے بیرون ممالک کی اسکالر شپ دیں گے، جدید علاج کی سہولتیں فراہم کریں گے، وعدہ کرتا ہوں کہ صوبوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے، کام مشکل ہیں ناممکن نہیں۔

شہبازشریف نے دو سال سے کم سزا والے قیدیوں کو رہاکرنے کا بھی اعلان کیا۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین

Exit mobile version