پاکستان
زلفی بخاری نے یو این ورکنگ گروپ کو خط لکھا، کیا آپ محب وطن ہیں؟ عون چوہدری
آپ کے پاس فرم ہائر کرنے کے پیسے کہاں سے آتے ہیں
استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما عون چوہدری کا کہنا ہے کہ زُلفی بخاری نے یو این ورکنگ گروپ کو پاکستان کے خلاف خط لکھا، پاکستان کے خلاف دنیا میں لابی چلائی گئی، اس کیلئے پی ٹی آئی نے 2016 میں پی آر فرم کی خدمات حاصل کیں۔
منگل کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے عون چوہدری نے پی ٹی آئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ محب وطن ہیں؟
عون چوہدری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے اداکاری میں تمغے حاصل کیے ہیں، زُلفی بخاری نے یو این ورکنگ گروپ کو پاکستان کے خلاف خط لکھا، آپ کے پاس فرم ہائر کرنے کے پیسے کہاں سے آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آپ کے لوگ دبئی، قطر اور یو کے میں بیٹھے ہیں، میں ایک ایک اکاؤنٹ کو پاکستان کے عوام کے سامنے لاؤں گا، آپ مسلح افواج کے خلاف مہم چلاتے ہیں، کون یہ ٹویٹ کرتا ہے، پیسہ کہاں سے آتا ہے ساری منی ٹریل معلوم ہے، مجھ سے بہتر یہ کون جانتا ہوگا۔
عون چوہدری نے کہا کہ آپ دعویٰ کرتے ہیں کہ آپ محب وطن ہیں لیکن آپ دشمن ہیں، پاکستانی افواج کے خلاف کیا کیا نہیں کہا گیا، آپ نے پیسے لے کر اپنی ہی افواج کے خلاف مہم چلادی، یہ ملک دشمنی نہیں تو اور کیا ہے؟
ان کا مزید کہنا تھا کہ باہر کے لوگ کہتے ہیں جو ہم نہیں کرسکے وہ یہ کررہے ہیں، پاکستان کے خلاف مہم چلانے والا ایک ایک اکاؤنٹ پی ٹی آئی کا ہے، آپ کا مقصد ملک میں انتشار پھیلانا اور آگ لگانا ہے، آپ چاہتے ہیں کہ ادارے آپس میں لڑیں۔
انہوں نے کہا کہ محب وطن ہو تو اس ملک میں آکر بیٹھو، پی ٹی آئی والے خود ملک دشمنوں کو بے نقاب کریں۔