Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

تازہ ترین

زود پشیمانی

Published

on

پچھلے دو تین روز سے مرزا غالب بہت یاد آ رہے ہیں
کی مرے قتل کے بعد اس نے جفا سے توبہ
ہائے اس زود پشیماں کا پشیماں ہونا
اور یاد آنے کا سبب ہے سپریم کورٹ آف پاکستان کا ایک حالیہ فیصلہ، جس میں کہا گیا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں چلنے والے مقدمے اور سپریم کورٹ میں اپیل کے دوران انصاف کے تقاضوں کو پورا نہیں کیا گیا تھا ۔ یاد رہے کہ 2011ء میں اس وقت کے صدر آصف علی زرداری کی طرف سے ایک صدارتی ریفرنس سپریم کورٹ میں جمع کرایا گیا تھا، جس میں عدالت سے سوالات کیے گئے تھے کہ آیا وہ اس تاریخی غلطی کو، جس کے تحت ذوالفقار علی بھٹو کو سزائے موت دی گئی تھی، درست کر سکتی ہے یا نہیں؟ ریفرنس میں عدالت سے اس کے علاوہ بھی کئی سوالات پر رہنمائی مانگی گئی تھی۔

عدالت نے اس معاملے میں اپنی غلطی تسلیم کی، جو یقیناً ایک بڑی بات ہے ۔ یہ معمول ہے کہ اپنی غلطی بہت کم لوگ تسلیم کرتے ہیں ۔ ایسے میں سپریم کورٹ نے جس اخلاقی جراَت کا مظاہرہ کیا، اس کی تحسین کی جانی چاہیے ۔ جو کچھ ہو چکا، وہ ہو چکا، وقت کا پہیہ کسی طور پیچھے کی طرف نہیں گھمایا جا سکتا ۔ بھٹو صاحب جا چکے، ان کو پھانسی کے پھندے تک پہنچانے والے زیادہ تر کردار دنیا سے رخصت ہو چکے، پلوں کے نیچے سے بہت سا پانی بہہ چکا، اسلیے یہ تو نہیں کہا جا سکتا کہ ذمہ داران کو سزائیں ملنی چاہئیں کہ ان میں سے زیادہ تر اپنے تمام تر نامہ ہائے اعمال کے ساتھ پروردگارِ عالم کے حضور پیش ہو چکے، لیکن یہ کہہ دینا کہ ہاں ہم سے غلطی ہوئی، واقعی بڑے حوصلے کا کام ہے ۔ ماضی کے مذکورہ افسوسناک ایپی سوڈ کے بعد یہ بات خوش آئند ہے کہ ملک کی سب سے بڑی عدالت نے حوصلہ دکھایا، اپنی غلطی تسلیم کی ۔

اب اس فیصلے پر حسبِ معمول اور حسبِ توقع مختلف نوعیت کی آرا کا اظہار کیا جا رہا ہے، مثلاً پاکستان پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ اس سزائے موت کو غیر قانونی، غیر آئینی اور انصاف کے اصولوں کے منافی قرار دینا ہی کافی نہیں ، تمام ذمہ داروں کو سزائیں ملنی چاہئے تھیں ۔ وکلا بھی اس فیصلے پر منقسم آرا رکھتے ہیں ۔ وکلا برادری کے ایک حصے کا کہنا ہے کہ غلطیوں کا اصل ازالہ حال میں غلطیاں نہ کرنا ہے جبکہ دوسرے حصے کا موقف ہے کہ سپریم کورٹ ماضی کی ایک غلطی کو درست کرنے کی کوشش کر رہی ہے لیکن حال میں جو خطرناک غلطیاں عدالتوں سے ہو رہی ہیں ان کو نظر انداز کیا جا رہا ہے ۔ عوام کی جانب سے بھی اپنی اپنی سمجھ بوجھ کے مطابق متفرق آرا کا اظہار کیا جا رہا ہے ۔

یاد آیا، یہ پہلا موقع نہیں کہ ذوالفقار علی بھٹو کو دی جانے والی سزائے موت پر افسوس اور معذرت کا اظہار کیا گیا ہے ۔ سابق چیف جسٹس آف پاکستان (اور سپریم کورٹ میں بھٹو صاحب کی اپیل کے مقدمے کی سماعت کرنے والے بینچ کا حصہ رہنے والے) جسٹس (ر) نسیم حسن شاہ نے معروف صحافی افتخار احمد کو دیے گئے اپنے ایک انٹرویو میں ذوالفقار علی بھٹو کے خلاف قتل کے مقدمے میں ہونے والی سنگین زیادتیوں کا اعتراف کیا تھا ۔ جسٹس (ر) نسیم حسن شاہ مقدمے کی سماعت کرنے والے سات رکنی بینچ کے ان چار ججوں میں شامل تھے جنہوں نے تین ججوں کی جانب سے بھٹو صاحب کو بری کرنے کی رائے کے برعکس ان کی سزائے موت کے حق میں فیصلہ دیا تھا ۔ نسیم حسن شاہ نے انٹرویو میں کہا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے مقدمے میں ججوں پر دباؤ تھا جس کے تحت انہیں پھانسی کی سزا دی گئی ۔ اس انٹرویو میں جسٹس نسیم حسن شاہ نے یہ بھی کہا تھا کہ انہیں اپنی نوکری بچانا تھی، اگر وہ سزا نہ دیتے تو ان کی نوکری جا سکتی تھی ۔

کیا ان کے اس انٹرویو سے دو باتیں، دو نتائج اخذ کیے جا سکتے ہیں ، پہلا یہ کہ ضروری نہیں کہ کوئی جج ہر بار انصاف کے تقاضے پورے کرتا ہو ۔ بعض اوقات وہ اپنی جان یا اپنی نوکری بچانے کےلیے بھی فیصلہ دے سکتا ہے چاہیے اس فیصلے کے نتیجے میں کسی کی جان ہی کیوں نہ چلی جائے ۔ دوسرا یہ کہ انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے بجائے کوئی جج دباؤ میں بھی آ سکتا ہے اور اس دباؤ کے تحت غلط فیصلے بھی کر سکتا ہے ۔

یہاں یہ سوال اٹھایا جا سکتا ہے کہ اگر سپریم کورٹ کا جج دباؤ میں آ سکتا ہے تو پھر کوئی عام فرد، جس کے نزدیک انصاف کے حصول کےلیے جج سے بڑھ کر کوئی فگر نہیں ہو سکتی، کیا کرے؟ انصاف ڈھونڈنے کہاں جائے؟ جب میں نے جسٹس نسیم حسن شاہ کا مذکورہ انٹرویو دیکھا تھا اور بعد میں اس کی تفصیلات پڑھی تھیں تو اس وقت اور اب بھی جب سپریم کورٹ کا اس ایشو پر نیا فیصلہ آیا ہے، میرے ذہن میں قرآن پاک کا قولِ فیصل آ جاتا ہے جس کا مفہوم ہے: جس نے کسی ایک انسان کو ناحق قتل کیا اس نے گویا تمام انسانوں کو قتل کر دیا اور جس نے کسی ایک انسان کو زندگی بخشی اس نے گویا تمام انسانوں کو زندگی بخش دی ۔

بات پھر وہی کہ جنہوں نے یہ سب کیا، ان میں سے زیادہ تر اپنے اعمال لے کر سب سے بڑی عدالت میں حاضر ہو چکے ۔ ان کے فیصلے اب وہیں ہوں گے، لیکن افسوس ہوتا ہے جب یہ سنتا ہوں کہ انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوئے ۔ میرے خیال میں بھٹو کے قتل کا معاملہ محض ان کرداروں اور ان کو دنیا میں یا روزِ قیامت ملنے والی سزاؤں تک محدود نہیں ہے ۔ اس ایک غلط فیصلے سے پاکستان ایسا ڈی ٹریک ہوا تھا کہ اب تک سنبھل نہیں پایا ہے ۔ آج بھی ہم بحیثیتِ قوم بہت سے معاملات کے جو بھگتان بھگت رہے ہیں،  وہ اسی دور میں کیے گئے غلط فیصلوں کا شاخسانہ ہیں ۔ پاکستان کے ڈی ٹریک ہونے سے جو جو مسائل بھی پیدا ہوئے ان کی ذمہ داری بھی وہ ایک فیصلہ کرنے والوں پر عائد ہوتی ہے، کیونکہ میں یہ بات پورے وثوق کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ بھٹو صاحب کو اگر ناحق پھانسی نہ دی جاتی اور چند سال مزید ملک کا اقتدار ان کے ہاتھوں میں رہتا تو آج ہمارے ملک ہی نہیں پورے جنوبی ایشیا بلکہ پورے مشرق وسطیٰ کے حالات بھی مختلف ہوتے، مختلف کے معنی ہیں ، بہتر ہوتے ۔ لیکن ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دینا واحد غلطی نہ تھی جو منصفین سے سرزد ہوئی اور بھی کئی مثالیں ہیں ۔

ذوالفقار علی بھٹو کے ساتھ ہونے والی نا انصافی بلکہ بے انصافی کا ازالہ اب ناممکن ہے لیکن ریاستی ادارے اگر یہ عہد کریں کہ ماضی کی تاریخی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے وہ ویسی غلطیاں دوبارہ نہیں کریں گے تو اس طرح کم از کم مستقبل میں معاملات کو درست نہج پر رکھا جا سکے گا ۔ اگر تاریخ کو درست کیا ہی جا رہا ہے تو کیا خیال ہے‘ ایک نظر ثانی ’’نظریہ ضرورت‘‘ پر بھی نہیں کر لینی چاہیے کہ اس نظریے نے بھی ملک میں بہت سے معاملات کو خراب کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ درستی نہ کی گئی تو شاید آئندہ بھی کرتا رہے ۔

عمران یعقوب خان پاکستان کے سینئر صحافی، تجزیہ کاراور براڈکاسٹر ہیں، تین دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط پیشہ ورانہ زندگی میں مختلف اخبارات اور ٹی وی چینلز میں کلیدی عہدوں پر کام کرچکے ہیں، جیو نیوز کی بانی ٹیم کے رکن تھے ،اس سے پہلے وہ روزنامہ جنگ میں بطوررپورٹراور فیچر رائٹر بھی کام کرتے رہے، وہ 92 نیوز ،دنیا نیوز اور نیوز ویک پاکستان کے ڈائریکٹر نیوز کی حیثیت سے بھی کام کرچکے ہیں، ان دنوں جی این این ٹی وی سے منسلک ہیں۔

Continue Reading
1 Comment

1 Comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

تازہ ترین12 گھنٹے ago

اولمپکس کی افتتاحی تقریب سے پہلے فرانس میں ٹرین نیٹ ورک پر حملے

تازہ ترین13 گھنٹے ago

جماعت اسلامی نے راولپنڈی اور اسلام آباد میں مختلف مقامات پر دھرنا دے دیا، مذاکرات کے لیے تیار ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات

تازہ ترین14 گھنٹے ago

صدر مملکت نے سپریم کورٹ میں دو ایڈہاک ججز کی تعیناتی کی منظوری دے دی

پاکستان14 گھنٹے ago

عمران خان کی رہائی کے لیے پی ٹی آئی جیل بھرو تحریک شروع کرے، دو گھنٹے کی بھوک ہڑتال مذاق ہے، نثار کھوڑو

تازہ ترین16 گھنٹے ago

ہمارے نام پر ڈالر لے کر وسائل کھائے گئے، بطور وزیراعلیٰ اعلان کرتا ہوں صوبے میں کہیں بھی آپریشن نہیں کرنے دوں گا، علی امین گنڈا پور

پاکستان16 گھنٹے ago

رومانیہ میں پاکستان نیوی کے آف شور پٹرول ویسل پی این ایس حنین کی کمیشننگ تقریب

تازہ ترین18 گھنٹے ago

کراچی میں رات کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی، نیپرا نے کے الیکٹرک کو ہدایت جاری کردی

پاکستان18 گھنٹے ago

پنجاب میں متوفی سرکاری ملازمین کے اہل خانہ کو ملازمت دینے کا قانون ختم

مقبول ترین