Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

پاکستان

9 مئی کے واقعات پر پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد منظور، اپوزیشن کا ہنگامہ

Published

on

پنجاب اسمبلی میں سانحہ 9 مئی کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کر لی گئی، قرارداد میں سانحہ نو مئی کو شرپسند عناصر اور ایک جماعت کی سازش قرار دیتے ہوئے ذمہ داروں اور منصوبہ سازوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا،اپوزیشن نے ایوان میں ہنگامہ برپا کرتے ہویے قرارداد کی کاپیاں پھاڑ کر فضا میں لہرا دیں۔

پنجاب اسمبلی کا اجلاس دو گھنٹے پندرہ منٹس کی تاخیر کے بعد سپیکر ملک محمد احمد خان کی زیر صدارت اجلاس شروع ہوا، پنجاب اسمبلی نے سانحہ نو مئی کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کر لی، قرارداد وزیر پارلیمانی امور پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے پیش کی، قرارداد پیش کرنے کے موقع پر حکومت اور اپوزیشن کے ارکان آمنے سامنے آگئے ۔

اپوزیشن ارکان نشستوں سے اٹھ کر سپیکر کے ڈائس کے پاس آگئے، اپوزیشن نے قرارداد کی کاپیاں پھاڑ کر ایوان میں لہرا دیں، حکومتی اور اپوزیشن ارکان میں دھکم پیل ہوتی رہی اس دوران ایوان مچھلی منڈی کا منظر پیش کرتا نظر آیا۔

منظور کردہ قرارداد میں کہاگیا کہ یہ ایوان سانحہ نومئی کی مذمت کرتا ہے جب شرپسند عناصر اور جماعت نے وطن عزیز کے اداروں کے خلاف سیاسی لبادہ اوڑھ کر حملہ کیا، نومئی کو قومی سلامتی کے اداروں اور شہدا کے یادگاروں کی توہین کی گئی اور بانی پاکستان قائد اعظم کی رہائش گاہ کو نذر آتش کرکےوطن عزیز کی ساکھ کو بین الاقوامی سطح پر نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔

قرارداد میں کہا گیا کہ قومی اداروں نے سازش کو ناکام بناکر ملک کو بڑی تباہی سے بچا لیاایوان مطالبہ کرتا ہے کہ سانحہ نو مئی کے ذمہ داران و منصوبہ سازوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

اپوزیشن نے قرارداد کے پیش کرنے اور منظوری کے دوران شدید احتجاج کیا ایوان کے اندر احتجاج کے بعد اسمبلی کے باہر بھی احتجاج کیا، اپوزیشن ارکان اسمبلی کے بعد چئیرنگ کراس پہنچے اور اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔

اپوزیشن رکن پنجاب اسمبلی رانا آفتاب احمد نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے باوجود مخصوص نشستوں پر آنے والے ارکان کے بیٹھنے پر اعتراض کیا اور کہاکہ ان ارکان کو ایوان میں بیٹھنے کا کوئی اخلاقی، قانونی و سیاسی حق نہیں جس پر سپیکر نے رولنگ دیتے ہوئے کہاکہ جب تک الیکشن کمیشن کا کوئی نوٹیفیکیشن نہیں آتا وہ کوئی اقدام نہیں اٹھا سکتے۔

پنجاب اسمبلی میں ہیلتھ کئیر کمیشن اور اشیائے ضروریہ کے آرڈیننس کی مدت میں نوے روز کی توسیع کردی گئی جبکہ مختلف محکموں کی بیس آڈٹ رپورٹس بھی ایوان میں پیش کر دی گئی۔

سپیکر اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ایجنڈا مکمل ہونے پر اجلاس جمعہ کی دوپہر دو بجے تک ملتوی کردیا۔

Continue Reading
1 Comment

1 Comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین