تازہ ترین

بلا ٹرکاں والا سے امیر بالاج تک لاہور انڈر ورلڈ مافیا کی دشمنیاں جو سیکڑوں زندگیاں تباہ کرگئیں

Published

on

لاہور کے علاقہ چوہنگ میں قتل ہونے والے امیر بالاج کو میانی صاحب قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا،بالاج ٹیپو کو قتل کرنے والے شوٹر کی شناخت ہو گئی، حملہ آور کی شناخت مظفر حسین ولد صادق کے نام سے ہوئی۔ حملہ آور شیخوپورہ کا رہائشی ہے۔پولیس نے حملہ آور کے گھر پر چھاپہ مارا ،گھروں کو تالے لگے ہونے پر لاہور پولیس واپس آ گئی۔

مقتول امیر بالاج کا والد ٹیپو ٹرکاں والا تھا اور اسی دشمن داری میں قتل ہوا تھا،ٹیپو ٹرکاں والا کا نام عارف امیر تھا جو بلا ٹرکاں والا کا بیٹا تھا۔

بِلا لاہور کے انڈرولڈ کا بادشاہ مانا جاتا تھا،اِنکی تاریخی خاندانی دشمنی میں ان کے آباء و اجداد سے نانا، دادا اور باپ بِلّا ٹرکاں والا اور بہت سے قریبی ساتھی اورگن مین سب قتل ہوئے۔

بِلّا ٹرکاں والا نے اپنے عروج کے دور میں لاہور کے ہر گینگ اور اشتہاری حنیف عرف حنیفا، شفیق عرف بابا، اکبر عرف جٹ، ہمایوں گجر، بھولا عرف سنیارا جیسے گینگسٹر کو اپنی مٹھی میں رکھا۔ حنیف عرف حنیفاااور شفیق عرف بابا، بلا ٹرکاں والے کے پاس ملازمت کرتے تھے، جنہوں نے بعد میں لاھور کو اپنی مٹھی میں جکڑا۔

امیرالدین قتل کے مقدمات میں ایک ایسا تنازع پیدا ہوا کہ شفیق عرف بابا اور حنیف عرف حنیفا نے ٹیپو ٹرکاں والا کے والد بِلّا ٹرکاں والا کو اسی کے ڈیرے میں قتل کیا، قتل کی وجہ بابا اور حنیفا کی وہ رنجش تھی کہ بلا ٹرکاں والا نے اپنے بیٹے کو کلیئر کروا لیا اور کیس میں انہیں جان بوجھ کر پھنسایا گیا۔ اس کے بعد گینگ دو حصوں میں تقسیم ہو گیا۔

پھر اسی گروپ کے کچھ اشتہاری مخالف خواجہ تعریف بٹ عرف طیفی بٹ گروپ میں شامل ہو گئے۔ٹیپو ٹرکاں والا نے پھر دشمنداری کے تمام معاملات اپنے ہاتھ میں لیے اور ایک ایک کر کے اپنے تمام مخالف شوٹروں سے مروا دئیے اور لاھور میں ایک بڑا نام پیدا کر لیا۔

عارف امیر المعروف ٹیپو ٹرکاں والا شاہ عالم گیٹ لاھورمیں دہشت کی علامت بنا رہا،سال 2003 میں کچہری کے باہر ٹیپو ٹرکاں والا پر ایک بڑا قاتلانہ حملہ ہوا جس میں مبینہ طور پرمبین بٹ گینگ کے لوگ شامل تھے،اس حملے میں ٹیپو ٹرکاں والا کے 5 گارڈ مارے گئے اور ٹیپو ٹرکاں والا خود شدید زخمی ہوا۔ جس کا مقدمہ خواجہ تعریف عرف طیفی بٹ، خواجہ عقیل عرف گوگی بٹ گوالمنڈی والے پر درج ہوا۔

ٹیپو ٹرکاں والا نے ظفرعرف ظفری نت کو اس وقت قتل کروایا جب وہ انسپکٹر عابد باکسر کو دہشت گردی عدالت پیشی پر ملنے جا رہا تھا۔ ظفری نت اور مزید 4 لوگوں کے قتل کا مقدمہ ٹیپو ٹرکاں والا پر ہی درج ہوا،بلا ٹرکاں والا کے بعد ٹیپوں ٹرکاں والا کو بھی پہلوان نے بہت سپورٹ کیا اور ساتھ ٹیپو ٹرکاں والا کے رائٹ ہینڈ باؤعرف وارث اور بچھو پہلوان انکے ہم راز اور ہم قدم رہے۔

سال 2010 میں خرّم اعجاز نے ٹیپو ٹرکاں والا کو لاہور ائیر پورٹ پر قتل کر دیا، جس کا مقدمہ طیفی بٹ، گوگی بٹ اور ملک احسان کے خلاف درج ہوا۔ عارف امیر ٹیپوں ٹرکاں والا قتل کیس میں دہشتگردی عدالت نے مرکزی ملزم خرم اعجاز کو دو مرتبہ سزائے موت کی سزا سنائی تھی مگر بعد میں سزائے موت ختم ہو کر 25 سال قید میں بدل گئی۔

عارف امیر المعروف ٹیپو ٹرکاں کے بعد ان کا بیٹا بالاج ٹیپو ٹرکاں والا اپنی خاندانی دشمنی کو لے کر چل رہا تھا اس کے گینگ میں پہلوان برادر اوربابر بٹ لکھو ڈیہریا برادر شامل تھے

امیر بالاج ٹیپو کو گزشتہ رات چوہنگ میں قتل کر دیا گیا، بلا ٹرکاں والا قتل ہوا تو اسکے بیٹے ٹیپو ٹرکاں والے نے خاندانی دشمنی اور ورثے میں ملی بدمعاشی کو سنبھالا، ٹیپو ٹرکاں والے کے قتل کے بعد اسکا بیٹا امیر بالاچ ٹیپو ورثے میں ملی عداوت کو نبھا رہا تھا۔

لاہور میں گزشتہ پچاس برس سے نوری نت، میا ں معراج دین ماجھا سکھ، کالو شاہ پوریا، بھولا سنیارا، گوگی بٹ، طیفی بٹ، ریا ض گجر، اسلم ٹا نگے والا، بلا ٹرکاں والا، ٹیپو ٹرکاں والا، ارشد امین چودھری، عابد چودھری، عاطف چودھری، نواز جٹ، ہمایوں گجر، حنیفا بابا، راجپوت برادری، شیخ روحیل اصغر، میاں اخلاق گڈو، بھنڈر، رئیس ٹینکی اور ملک زاہد گروپ کے درمیان دشمنیاں ہوئیں، جن میں ایک ہزار سے زائد لوگ لقمہ اجل بن گئے۔ ان بڑے گروپس کے پیچھے اچھو باڑلا اور شیدی باڑلا جیسے لوگ ہوتے تھے، جو اہم کردار ادا کرتے تھے۔ انہی دشمنیوں میں سب سے بڑی دشمنی اخلاق گڈو اور شیخ روحیل اصغر گروپ کی تھی، جن میں اخلاق گڈو کا گروپ ماجھا سکھ سنبھالتا اور روحیل اصغر کے گروپ میں اچھو باڑلا اور چھیدی باڑلا شامل تھے۔ دونوں جانب سے درجنوں افراد قتل ہوئے۔ شیخ روحیل اصغر بعد ازاں نواز لیگ کے اہم لیڈر اور ایم این اے ہوئے، جن کے والد شیخ اصغر اور ایک بھائی شیخ شکیل ارشد شادمان چوک میں اس دشمنی کی نذر ہوگئے تھے۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین

Exit mobile version